آئندہ مالی سال کے دوران تجارتی خسارے پر قابو پانے کیلئے ٹھوس حکمت عملی وضع کی جائے ، لاہور چیمبر

جمعرات 10 مئی 2018 16:20

لاہور۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا ہے کہ ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، برآمدات میں اضافے کیلئے حکومت اور برآمد کنندگان دونوں کو افریقہ ، ملائشیا اور وسطیٰ ایشیا کی طرف خصوصی توجہ دینی چاہئے، ایگزیکٹو کمیٹی رکن ادیب اقبال شیخ کی سربراہی میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئندہ مالی سال کیلئے تجارتی خسارے پر قابو پانے کیلئے ابھی سے ٹھوس حکمت عملی تشکیل دی جائے، انہوں نے کہا کہ جن ممالک کی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی خاطر خواہ رسائی نہیں ان ممالک کے ساتھ ایسے تجارتی معاہدے کئے جائیں جو پاکستان کی برآمدات بڑھانے میں معاون ثابت ہوں، ادیب اقبال شیخ نے کہا کہ ٹیکسٹائل کے شعبے کو مستحکم کرکے اور مراعات دیکر برآمدات میں تیزی سے اضافے کا خواب پورا کیا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔