مریدکی: سوشل میڈیا پر دو سالہ بچے کی بیماری کی خبر پر وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کا نوٹس

ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کی دوڑیں لگ گئیں۔ سوشل میڈیا پر واویلا کرنے والی بچے کی ماںنے بیٹے کا علاج کرانے سے انکار کر دیا

جمعرات 10 مئی 2018 21:15

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) سوشل میڈیا پر دو سالہ بچے کی بیماری کی خبر پر وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کا نوٹس، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کی دوڑیں لگ گئیں۔ سوشل میڈیا پر واویلا کرنے والی بچے کی ماںنے بیٹے کا علاج کرانے سے انکار کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ نارنگ منڈی کے محلہ محمد پورہ کے دوسالہ بچے حسیب احمد ولد محمد افضل چوہان کی ماں نے سوشل میڈیا پر واویلا کیا کہ اس کا بچہ بیمار ہے مگر ڈاکٹر اس کا علاج نہیںکر رہے۔

وزیر اعلی پنجاب میاں شہبا ز شریف نے اس کا فوری نوٹس لیا اور سیکرٹری صحت پنجاب کو بچے کا کھوج لگا کر چلڈرن ہسپتال لاہور میں اس کا فوری علاج کرانے کا حکم دیا۔ سیکرٹری صحت پنجاب نے بچے کے علاج کے لیے چلڈرن ہسپتال لاہور میں سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دے کر سی ای او ہیلتھ شیخوپورہ کو بچے کی فوری تلاش کا حکم دیا اور مریدکے ، نارنگ منڈی سمیت دیگر مراکز صحت کے عملہ کی دوڑیں لگوا دیں۔

(جاری ہے)

بچے کے والدین کا کھوج لگانے کے بعد ڈاکٹروں سمیت دیگر عملہ نے سپیشل ایمبولینس کے لیے بیمار بچے کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے منتقل کیا جہاں ابتدائی چیک اپ کے بعد اسے لاہور بھیجنے کا فیصلہ کیا تو بچے کی والدہ نے لاہور جانے سے انکار کر دیا۔ وزیر اعلی پنجاب کے خوف سے ڈاکٹروں سمیت پورا عملہ بچے کی والدہ کی منتیں کرتا رہا مگراس نے لاہور جانے سے انکار کر دیا اور بچے کو لے کر واپس نارنگ منڈی چلی گئی۔