فیصل آباد،پنجاب فوڈ اتھارٹی اپنے قیام کے مقصد سے ہٹتا جا رہا ہے ،

عوامی حلقے ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیوں کے نام پر دکانداروں ، تاجروں کوتنگ کرتا ، رشوت خوری اور ہراساں کر نے کے واقعات میںدن بدن مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے جس سے تاجروں کے ساتھ ساتھ عوام میں بھی بے چینی بڑھ رہی ہے ، بغیر کسی ثبوت کے دکانداروں ہوٹل مالکان و دیگر اشیائے خوردونوش کا کاروبار کر نے والوں پر چھاپے فوڈ اتھارٹی کی کار کردگی پر سوالیہ نشان ہیں

جمعرات 10 مئی 2018 21:53

فیصل آباد،پنجاب فوڈ اتھارٹی اپنے قیام کے مقصد سے ہٹتا جا رہا ہے ،
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر سے ملاوٹ مافیا کے خاتمے اور عوام کو صاف ستھری اشیائے خوردونوش فراہم کر نے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جس کے لئے اچھی شہرت کے حامل نور الامین مینگل کو سر براہ کے طور پر چناگیا، اس اتھارٹی کے قیام کا مقصد تو ملاوٹ مافیا کا خاتمہ تھا لیکن اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ ڈیپارٹمنٹ بھی دوسرے محکموں کی طرح اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہوتا جارہا ہے ، ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیوں کے نام پر دکانداروں ، تاجروں کوتنگ کرتا ، رشوت خوری اور ہراساں کر نے کے واقعات میںدن بدن مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے جس سے تاجروں کے ساتھ ساتھ عوام میں بھی بے چینی بڑھ رہی ہے ، بغیر کسی ثبوت کے دکانداروں ہوٹل مالکان و دیگر اشیائے خوردونوش کا کاروبار کر نے والوں پر چھاپے فوڈ اتھارٹی کی کار کردگی پر سوالیہ نشان ہیں دوسری طرف الیکشن کے دن بھی قریب آتے جارہے ہیں جس میں فوڈ اتھارٹی کی یک طرفہ کارروائیاں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کیلئے مزید پریشانیوں اورمشکلات کا باعث بن سکتی ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی طاقت سمجھے جانے والے دکاندار اور تاجر اپنا غم و غصہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف ووٹ دے کر نکال سکتے ہیں ، چھاپوں ، بلا جواز بھاری جرمانوں سے دکانداروں اور تاجروں میں فوڈ اتھارٹی کے خلاف اشتعال پایا جاتا ہے جوحکمران جماعت کیلئے خطرناک اشارہ ہے ، اس سلسلہ میں متاترین کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ملاوٹ کے نام پر فوڈ اتھارٹی عملہ کی بلا جواز کارروا ئیوں کا فوری نوٹس لیں ، عملہ کی طرف سے ہراساں کرنا اور بد تمیزی کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جس سے ہمارے لئے کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنا نا ممکن ہو تا جارہا ہے اور یہ بات ہمارے لئے نا قابل قبول ہے ، وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل اس امر کا فوری نوٹس لیں اور فوڈ اتھارٹی عملہ کے خلاف شکایات کا ازالہ کریں ۔