میگا مارچ فار میگاسٹی کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں،پاسبان

جمعہ 11 مئی 2018 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ پاسبان کی 13مئی کو مزار قائد تا تبت سینٹر، میگا مارچ فار میگا سٹی کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں ۔ پولیس ،قانون نافذ کرنے والے ادارے شرکاء کو تحفظ کی فراہمی اور ٹریفک پویس کے اہلکار ٹریفک کے کنٹرول کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔

پاسبان نے آئی جی سندھ ،ایڈیشنل آئی جی کراچی ،کمشنر کراچی ،ڈی آئی جی سائوتھ ،ڈی آئی جی ایسٹ اور ڈی سی ایسٹ کو خطوط ارسال کردیئے ہیں۔ میگامارچ فار میگا سٹی کے شرکاء کے لئے ٹھنڈے پانی کی موبائل سبیلوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ وہ گذشتہ روز بابری چوک ،جمشید روڈ ،لسبیلہ، پٹیل پاڑہ ، حیدر آباد کالونی کے دورے کے موقع پر پاسبان رہنمائوں اور ورکرز سے ملاقاتوں میں گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاسبان بابری چوک کے رہنما محمد اقبال ،یاسمین خان ،عبدالقہار ،محمد ابراہیم ،محمد نواز خان ،شہزاد ،محمد علی و دیگر بھی موجود تھے ۔ عبدالحاکم قائد نے کہا کہ 13مئی کو مزار قائد سے تبت سینٹر تک میگا مارچ فار میگا سٹی کراچی کا تاریخی مارچ ثابت ہوگاجس میں کراچی کے عوام اپنے حقوق کے لئے پاسبان کے پلیٹ فارم پر متحد ہوکر کراچی کو میگا سٹی بنانے کی جدوجہد کا آغاز کریں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے حقوق غصب کرنے والے کرپٹ سیاستدانوں ،وڈیروں اور لٹیروں نے کراچی کے عوام کو کچھ نہیں دیا ۔کراچی کے عوام کوپانی ،بجلی ،گیس ،سڑکوں ،تعلیم ،صحت اورروزگار کے مسائل کامسلسل شکار رکھ ہر پانچ سال بعدمحض انتخابات کے دنوں میں یہ کرپٹ ،لٹیرے عوام کے درمیان آکر ایک دوسرے پر الزام تراشیاں کرکے عوام کو بیوقوف بناتے ہیں مگر اس بار پاسبان میدان سیاست میں آچکی ہے اور عوام پاسبان کو امید کی کرن سمجھتے ہیں ۔