اصغر خان کیس میں نوازشریف ملزم نہیں مجرم ہیں

اصغرخان کیس نوازشریف کا بیانیہ جھوٹا ثابت کرنے کیلئے کافی ہے،نوازشریف کے لالچ کا اندازہ لگائیں کہ 35لاکھ لے لیے تھے۔ تجزیہ کارعامر متین کی نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 11 مئی 2018 18:15

اصغر خان کیس میں نوازشریف ملزم نہیں مجرم ہیں
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11مئی 2018ء) : سینئر تجزیہ کار عامر متین نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس میں نوازشریف ملزم نہیں مجرم ہیں،اصغرخان کیس نوازشریف کا بیانیہ جھوٹا ثابت کرنے کیلئے کافی ہے،نوازشریف کے لالچ کا اندازہ لگائیں کہ 35لاکھ لے لیے تھے۔سینئر تجزیہ کار راؤف کلاسرا اور عامر متین نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کررہے تھے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے راؤف کلاسرا نے کہا کہ مشاہد حسین سید خلائی مخلوق کے ہی نمائندے رہے۔

خلائی مخلوق کا نمائندہ آج بھی نوازشریف کی ساتھ بیٹھا ہوا تھا۔شریف برادران رات کو بیٹھ کرطے کرتے ہیں کہ کس نے کیا کہنا ہے؟انہوں نے کہاکہ مجھے شرمندگی ہوتی ہے کہ محمود اچکزئی کو بڑا بندہ سمجھتا تھا۔ ایک وقت تھا جب محموداچکزئی تقریر کرتے تھے توسب غور سے سنتے تھے لیکن اب جب محمود اچکزئی تقریر شروع کرتے ہیں توپارلیمنٹ سے لوگ باہر نکلنا شروع ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو بھٹو قرار دینے پرپیپلزپارٹی کواحتجاج کرنا چاہیے تھا۔رؤف کلاسرا نے بھارت میں ایک کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ 13بھارتی بینکوں نے وجے مالیا کیخلاف ڈیڑھ ارب ڈالر کیس برطانیہ میں جیتا۔ ینڈیا ہمارا ہمسایہ ملک ہے وہاں پرکوئی پیسا چوری کرکے باہر لے جائے تووہ پیچھا کرکے واپس لاتے ہیں لیکن ہمارے ہاں منی لانڈرنگ کرنے والوں کی حکومتیں ہی دفاع کرتی ہیں۔

اس موقع پر تجزیہ کار عامر متین نے کہا کہ نیب کی طرف سے بڑی غلطی ہوئی ہے۔نوازشریف کی ایک پریس کانفرنس سے صورتحال نہیں بدل سکتی۔اصغرخان کیس نوازشریف کا بیانیہ جھوٹا ثابت کرنے کیلئے کافی ہے۔اصغر خان کیس میں نوازشریف ملزم نہیں مجرم ہیں۔نوازشریف نے خود خلائی مخلوق سے مدد لی اور خلائی مخلوق کے لاڈلے بھی رہے۔نوازشریف کے لالچ کا اندازہ لگائیں کہ 35لاکھ لے لیے تھے۔