Live Updates

بی آر ٹی بنانے کی ذمہ داری پشاورڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ہے جو وزارت بلدیات کے ما تحت رہی،پرویزخٹک

آصف لقمان قاضی نے اپنی سیاسی مقاصد کیلئے اپنی پارٹی کو بھی نہیں بخشا، پانچ سال تک حکومتی اتحاد کے بعد آصف لقمان کو یاد آنا کہ بی آر ٹی میں کرپشن ہوئی ہے معنی خیز ہے،آصف لقمان کرپشن کے الزامات پر اپنے وزیر بلدیات سے بھی پوچھیں تو یہ بہتر ہوگا ، تحریک انصاف کی جدوجہد معاشرے میں ناانصافیوں کے خلاف ہے،عمران خان قوم کا نجات دہندہ ہے اس ملک میں ظلم ، ناانصافی، اقرباء پروری کا خاتمہ اور ملک کا نظام صحیح پٹری پر ڈھالنے کیلئے پی ٹی آئی واحد آپشن ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعہ 11 مئی 2018 21:49

بی آر ٹی بنانے کی ذمہ داری پشاورڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ہے جو وزارت بلدیات ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان نے قوم کی کرپشن فری پاکستان کیلئے تربیت کی ۔ ہماری حکومت نے عمران خان کے اس وژن کو عملی شکل دینے کیلئے قانون سازی کی ہے ۔صوبے میں میگا پراجیکٹس کے خلاف سیاسی بنیاد پر ہونے ہوالے پروپیگنڈے پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی آر ٹی بنانے کی ذمہ داری پشاورڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ہے جو وزارت بلدیات کے ما تحت رہی۔

انہوں نے کہا کہ وزارت بلدیات جماعت اسلامی کے پاس تھی انہوں نے کہا کہ آصف لقمان قاضی نے اپنی سیاسی مقاصد کیلئے اپنی پارٹی کو بھی نہیں بخشا۔ پانچ سال تک حکومتی اتحاد کے بعد آصف لقمان کو یاد آنا کہ بی آر ٹی میں کرپشن ہوئی ہے معنی خیز ہے ۔ ا ن خیالات کا اظہار انہو ں نے وزیراعلیٰ ہائوس میں مختلف شمولیتی پروگراموں سے اپنے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

شمولیتی پروگراموں میں بونیرسے تعلق رکھنے والے عوامی نیشنل پارٹی کے سرکردہ کارکنان و مقامی رہنمائوں عبد الناصر خان، عبد الرشید خان، عبد الروف خان، حاجی جہانزیب خان، ڈاکٹر امتیاز باچا عمران خان، عالمزیب خان، کرنل ریٹائرڈ سلطان زیب ، امیر قادر خان، بخت شاد خان، عبد الکریم خان، ابر ار علی شاہ کا اپنے عزیز و اقارب کے ہمراہ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی جبکہ نوشہرہ کینٹ کے سینئر نائب صدر حاجی محمد ولی کی سربراہی میں حاجی انتخاب ، آصف، حاجی عامر ولی، فیصل خان اور فیضان ولی ،ضلع ہنگو سے تعلق رکھنے والے ارکان مولانا عبد الواحد، صوبائی پیٹرن چیف جے یو آئی (س)، عبدالسمیع نے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پرپاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر اور صوبائی وزیر آبپاشی محمود خان ، صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن و پی ٹی آئی نوشہرہ کے صدر میاں جمشیدالدین کاکاخیل اور ہنگو سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی شاہ فیصل بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کے پی میں دگنی اکثریت اور پورے ملک میں پی ٹی آئی تمام سیاسی پارٹیوں کو آئندہ انتخابات میں عبرتناک شکست دینے ولی قوت بن چکی ہیں پارٹیوں کے مابین الیکشن اتحاد سیاسی پارٹیوں کی شکست پر مہر ثبت کریگی آصف لقمان کرپشن کے الزامات پر اپنے وزیر بلدیات سے بھی پوچھیں تو یہ بہتر ہوگا انہوں نے کہا کہ آصف لقمان کے بیان سے جماعت اسلامی کی کارکردگی پر بھی حرف آیا ہے انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور تمام ٹریفک مسائل کا واحد اور مربوط حل ہے یہ تاریخ کا تیز ترین بی آر ٹی ثابت ہوگا اور یہ efficiently managed بی آر ٹی ہوگا ۔

عوام کے جذبات پر سیاست کرنا بیسویں صدی کی روایات رہی، اکیسویں صدی میں باشعور عوام کے ہوتے ہوئے قول و فعل میں تضاد نہیںچلنے والا۔ انہوں نے کہا کہ آصف لقمان قاضی کے الزامات قابل مذمت ہیں وہ اپنا سیاسی قد کاٹھ بڑھانے کی ناکام کوشش میں ہے وہ الیکشن کمیشن سے کہیں گے کہ آصف لقمان قاضی انکے خلاف آئندہ انتخابات میں مخالف امیدوار ہونے کی وجہ سے ان پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں اس کا نوٹس لیں جو انتخابات کے تناظر میں غیر منطقی سیاسی دائو پیچ ہے آصف لقمان کو اپنے الزامات واپس لینا اور معافی مانگنا ہوگا انہوں نے میری ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے ان کے خلاف اپنی توہین اور ساکھ کو نقصان پہنچانے پر قانونی چارہ جوئی کر رہا ہوں ۔

پانچ سال اتحادی حکومت میں آصف لقمان کو کوئی نقص نظر نہیں آیا جیسے ہی اتحاد ختم ہوا آصف لقمان کو ہر اچھی بات بری لگنے لگی انہوں نے کہا کہ آصف لقمان قاضی کے بے بنیاد الزامات نے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے مابین بد اعتمادی کو جنم دیا ہے حکومت کے پانچ سالو ں کے دوران جماعت اسلامی کی جملہ قیا دت تمام فیصلہ سازی میں ہمارے ساتھ شریک رہی انہوں نے کہا کہ آصف لقمان کے الزامات سے لگتا ہے کو وہ اپنی جماعت سمیت پی ٹی آئی کے خلاف دوسروں کے ہاتھوں کھلونا بنے ہوئے ہیں ان کا پروپیگنڈا اسی تناظر میں دیکھتا ہوں جو ہمارے ساتھ انکی جماعت کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔

جلسوں سے اپنے خطاب میںوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد معاشرے میں ناانصافیوں کے خلاف ہے ۔عمران خان قوم کا نجات دہندہ ہے اس ملک میں ظلم ، ناانصافی، اقرباء پروری کا خاتمہ اور ملک کا نظام صحیح پٹری پر ڈھالنے کیلئے پی ٹی آئی واحد آپشن ہے عمران خان کے پاس وژن ہے عوام ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈھالنے کیلئے پی ٹی آئی کو ووٹ دیں پی ٹی آئی کی حکومت نے عوامی حکمرانی کے اسلوب کے ذریعے اداروں کو عوام کی خدمت پر لگا دیا ہے عوام کو ریلیف اور بہتری کا عمل اور اس کے اثرات ہر سمت میں نظرآرہے ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی شماریاتی ادارے الف اعلان اور دیگر سروے کے نتیجے میں پی ٹی آئی حکمرانی ، غربت مکاو، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں بہتر حکمرانی میں سب سے آگے ہے۔ پی ٹی آئی ّآئندہ الیکشن میں اپنی پانچ سالہ کارکردگی کی بنیاد پر دگنی اکثریت کیساتھ صوبے میں اقتدار میں آئے گی۔ دومختلف منشور رکھنے والی سیاسی پارٹیوں کے اتحاد میں تصادم ہوگا ایسے اتحاد جھوٹ و فراڈ پر مبنی ہوتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات