2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھر پور کامیابی حاصل کر ے گی ،سابق وزیر مملکت سردار شاہ جہاں یوسف

ہفتہ 12 مئی 2018 14:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) سابق وزیر مملکت سردار شاہ جہاں یوسف نے کہا ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھر پور کامیابی حاصل کر ے گی کیونکہ حکمران جماعت نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، توانائی کے بحران کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر مختلف منصوبوں کا آغاز کیا جن کی بدولت آج لوڈ شیڈنگ کا کسی حد تک خاتمہ ہو چکا ہے۔

ہفتہ کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر مملکت نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 2013ء کے عام انتخابات کے بعد حکومت بنانے کا موقع ملا تو اس وقت ملک میں توانائی کا بحران تھا جبکہ ملک میں امن وامان کی صورتحال بہت خراب تھی۔ انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم نے ہنگامی بنیادوں پر توانائی کے مختلف منصوبوں کا آغاز کیا جن کی تکمیل سے آج ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کاکسی حد تک خاتمہ ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم توانائی کے منصوبوں کی خود نگرانی کرتے رہے اور اس حوالے سے خصوصی کمیٹی بھی قائم کی جو توانائی کے منصوبوں کا مانیٹر کرتے رہے جس کی بدولت آج ملک میں توانائی کابحران ختم ہوا ہے۔ سردار شاہ جہاں یوسف نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کر کے نیشنل ایکشن پلان بنایا جس کی بدولت ملک میں دہشت گردی کاخاتمہ ہوا اور امن و امان کی صورتحال کافی حد تک بہتر ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ 2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر بھر پور کامیابی حاصل کرے گی اور عوام سابق وزیر اعظم نواز شریف پر بھر پور اعتماد کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ 2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر این اے 13 سے بھر پور طریقے سے حصہ لوں گا اور ضلع مانسہرہ کی تعمیر و ترقی و عوام کی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔