وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویزملک سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 7 مئی 2026 22:06

وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویزملک سے سعودی  سفیر  نواف بن سعید المالکی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2026ء) وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں سعودی عرب کی مسلسل معاونت پر اظہارِ تشکر کیا۔

انہوں نے بالخصوص پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں پاکستان کو دی جانے والی خصوصی سہولتوں کو سراہا جنہوں نے موجودہ چیلنجنگ حالات میں پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ دونوں جانب سے پٹرولیم کے شعبے میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا اور طویل المدتی توانائی تعاون کو مزید فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

سعودی سفیر نے پاکستان کو توانائی تحفظ کے چیلنجز سے نمٹنے میں سعودی عرب کے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور اس ضمن میں مسلسل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ تکنیکی سطح کے روابط کے دوران طویل المدتی تعاون کے حوالے سے مشاورت مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ دونوں ممالک مختلف ریفائنری اپ گریڈیشن اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کو تلاش کرنے کے لئے بھی مل کر کام کر رہے ہیں۔

سعودی سفیر نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے سعودی عرب خصوصاً آرامکو کے ساتھ پاکستان کی سٹریٹجک توانائی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا اور سعودی عرب کی دیرینہ حمایت اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان عوام کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں سعودی تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔