موبائل فون پر پی ٹی اے ٹیکس ختم کرنے کی تجویز زیرغور ہے، طارق فضل چوہدری

جمعرات 7 مئی 2026 19:45

موبائل فون پر پی ٹی اے ٹیکس ختم کرنے کی تجویز زیرغور ہے، طارق فضل چوہدری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2026ء) سینیٹ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر پارلیمانی امورڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ موبائل فون پر عائد ٹیکس ختم کرنے کی تجویز حکومت کے زیر غور ہے۔جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات کے باعث حکومت کو بعض ایسے اقدامات بھی کرنا پڑتے ہیں جو خواہش کے باوجود ناگزیر ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ موبائل فون پر پی ٹی اے ٹیکس سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ عوام خصوصاً اوورسیز پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ بیرون ملک سے پاکستان لائے جانے والے موبائل فون چند ہفتوں بعد خود بخود بلاک ہو جاتے ہیں کیونکہ وہ مقامی نیٹ ورک میں رجسٹر ہونے کے بعد پی ٹی اے سسٹم کے تحت آ جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو مزید سہولیات دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اس حوالے سے مختلف آپشنز پر کام جاری ہے۔