نقیب قتل کیس ،ْ راو انوار نے درخواست ضمانت دائر کر دی

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے درخواست پر ضمانت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا

ہفتہ 12 مئی 2018 16:50

نقیب قتل کیس ،ْ راو انوار نے درخواست ضمانت دائر کر دی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راو انوار کی درخواست ضمانت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے۔سابق ایس ایس پی ملیر راو انوار نے اپنے وکیل کی وساطت سے نقیب اللہ قتل کیس میں ضمانت کے لیے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں درخواست دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ کیس کے چالان جے آئی ٹی اورجیو فینسگ رپورٹ میں تضادہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ راوانوار جائے وقوعہ پرموجود نہیں تھے، راوانوار کی ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے 14مئی کے لیے سرکاری وکیل کو نوٹس جاری کردیے۔13 جنوری 2018 کو کراچی کے ضلع ملیرمیں اس وقت کے ایس ایس پی ملیر راو انوار کی جانب سے ایک مبینہ پولیس مقابلے میں 4 دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعوی کیا گیا تھا تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ ہلاک کئے گئے لوگ دہشت گرد نہیں بلکہ مختلف علاقوں سے اٹھائے گئے بے گناہ شہری تھے جنہیں ماورائے عدالت قتل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت نقیب اللہ کے نام سے ہوئی۔ سوشل میڈیا صارفین اورسول سوسائٹی کے احتجاج کے بعد سپریم کورٹ نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا۔از خود نوٹس کے بعد راو انوار روپوش ہوگئے اور اسلام آباد ایئر پورٹ سے دبئی فرار ہونے کی بھی کوشش کی لیکن اسے ناکام بنادیا گیا۔ کچھ عرصے بعد وہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے جہاں سے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔