متحدہ مجلس عمل کا13مئی کومینار پاکستان پر ہونے والاجلسہ عام تاریخی ہوگا‘میاں مقصود احمد

عوام نے (ن)لیگ، پیپلزپارٹی کی کرپشن اورپی ٹی آئی کی نام نہاد تبدیلی کو دیکھ لیا ہے، عوام ہماراساتھ دیں،متحدہ مجلس عمل کامیاب ہوکرملک وقوم کوروشن مستقبل دے گی‘صدرمتحدہ مجلس عمل پنجاب و امیر جماعت اسلامی پنجاب کاصوبائی دفترمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب

ہفتہ 12 مئی 2018 20:36

متحدہ مجلس عمل کا13مئی کومینار پاکستان پر ہونے والاجلسہ عام تاریخی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ 13مئی کامینارپاکستان پر ہونے والا ایم ایم اے کاجلسہ عام تاریخی ثابت ہوگا جوملک میں سیاسی فضا خوشگوار اور دینی جماعتوں کے اتحاد کو پذیرائی اور کارکنان میں نیاجوش وولولہ اور جذبہ پیداکرے گا،پاکستان کے عوام نے مسلم لیگ(ن)اور پیپلزپارٹی کی کرپشن کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کی نام نہاد تبدیلی کو بھی دیکھ لیا ہے ،اب وقت آگیاہے کہ جھوٹے اور کھوکھلے دعویداروں اور بہروپیوں سے نجات حاصل کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزصوبائی دفترمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں85فیصد نوجوان اسلامی شریعت کے حامی ہیں۔

(جاری ہے)

وہ سیکیولر اور لبرلزسے تنگ آچکے ہیں اور ملک میں شرعی نظام چاہتے ہیں۔70برسوں سے اس ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے کرپٹ اور مفاد پرستوں کو قوم اچھی طرح پہچان چکی ہے۔

انشاء اللہ2018کاالیکشن ان کے لیے ڈرائوناخواب ثابت ہوگا۔موجودہ حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت ملک وقوم مسائل کی دلدل میں دھنستے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دینی جماعتیں الحمدللہ ہرقسم کی کرپشن کے الزامات سے پاک ہیں۔ہمارے کسی فرد کانام پانامالیکس،پیراڈائزلیکس اور دبئی لیکس سمیت کرپشن کے کسی اسکینڈل میں آج تک نہیں آیا۔

اس ملک کو جرات مند،بے داغ،باکردار،صاف ستھری اور پڑھی لکھی محب وطن قیادت صرف اور صرف متحدہ مجلس ہی دے سکتی ہے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ 13مئی کامینار پاکستان کے مقام پرہونے والاجلسہ عام ملک میں بڑی اور مثبت تبدیلی کاپیش خیمہ ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ملک بحرانوں کی زد میں ہے۔عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے۔روزگار کے مواقع ناپید ہوکر رہ گئے ہیں۔رہی سہی کسرلوڈشیڈنگ،دہشتگردی،عوامی استحصال،اقرباپروری،موروثیت،میرٹ کی بے حرمتی نے پوری کردی ہے۔پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں لے کر دردرکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔عوام ہماراساتھ دیں،متحدہ مجلس عمل کامیاب ہوکر ملک وقوم کو روشن مستقبل دے گی۔