ترقیاتی کاموں پر پابندی لگاکر نواز شریف کو ناکام نہیں کیا جاسکتا ،افضل کھوکھر

ممبر قومی اسمبلی نے حویلی بانگڑومیں مسلم لیگی رہنماء رانا حبیب خاں کی پر ہجوم کارنر میٹنگ سے خطاب کیا

ہفتہ 12 مئی 2018 21:26

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے اپنے انتخابی حلقہ کی پسماندہ آبادی حویلی بانگڑو میں مسلم لیگی رہنماء رانا حبیب خاں کی کارنر میٹنگ میں شرکت کی ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا کہ حویلی بانگڑو کے لوگ میاں نوازشریف کے متوالے ہیں ،لیکن ماضی میںیہاںسے منتخب ہونے والے عوامی نمائندوں نے مقامی عوام کوسوئی گیس کی نعمت سے سہولت سے محروم رکھا ،مگر جب سے میں قومی اسمبلی میں پہنچاہوں اپنے حلقہ کے گھر گھر میں سوئی گیس پہنچانا میرا مشن بنا رہاہے ،حلقہ کی تمام آبادیوں میں خواہ وہ دریائے راوی کے کنارے پر بھی واقع ہیں وہاں بھی سوئی گیس پہنچائی ہے ،اب چونکہ ممبران اسمبلی پر ترقیاتی منصوبہ جات کی تکمیل پر پابندی ہے اس لئے فی الحال میں سوئی گیس پائپ لائن ہونے کے باوجود شعلہ جلا کر افتتاح نہیں کرسکتا ،لیکن اگر عوام نے مجھے آئندہ خدمت کا موقع دیا تو میں سوئی گیس سمیت سیوریج اور میٹھے پانی کی فراہمی سے متعلقہ تمام مسائل ختم کردوں گا ،سکولوں کو اپ گریڈ کریں گے اورواٹر فلٹریشن پلانٹ بھی لگوائے جائیں گے ،حویلی بانگڑو کو ماڈل بنادوں گا ،انہوں نے مزید کہا کہ پابندیاں نوازشریف کو ناکام نہیں کرسکتیں ، مسلم لیگی رہنماء رانا حبیب خاں نے کہا کہ افضل کھوکھر نے قبل ازیں 53لاکھ روپے کی گرانٹ دی ،نالے اورسڑک بنوائی ،سوئی گیس کا تحفہ دیا ،انہوں نے کہا کہ افضل کھوکھر جیسا ایماندار نمائندہ پورے حلقہ میں نہیں ،الیکشن میں شیر پر مہر لگا کر افضل کھوکھر کو جتوائیں گے ۔