پیپلزپارٹی کو نواز شریف کے بیان سے بہت تکلیف ہوئی ہے،میاں صاحب نے مودی کے موقف پر ٹھپا لگا دیا ہے،شیری رحمان

میاں صاحب کے بیان سے پاکستان کا وقار مجروح ہوا،ہماری افواج اور شہریوں نے قربانیاں دیں ہیں اس پر پانی پھیر دیا گیاہے، پیپلزپارٹی نے دہشت گردی کے خلاف علم بھی اٹھایا اور قربانی بھی دیں،پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی زہر گھولے یہ برداشت نہیں کریں گی، پریس کانفرنس

اتوار 13 مئی 2018 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) سینٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان نے ممبئی حملوں سے متعلق سابق وزیراعظم نواز شریف کے متنازع بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو نواز شریف کے بیان سے بہت تکلیف ہوئی ہے،میاں صاحب نے مودی کے موقف پر ٹھپا لگا دیا ہے، ان کے بیان سے پاکستان کا وقار مجروح ہوا،ہماری افواج اور شہریوں نے قربانیاں دیں ہیں اس پر پانی پھیر دیا گیاہے۔

اتوار کو پیپلزمیڈیا سیل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہاکہ نواز شریف نے پاکستان کا بیانیہ کمپرومائز کرنے کی کوشش کی ہے، اس بیان کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر اور خطے میں ناکامی کا ہدف بنایا جارہا ہے۔انہوں نینواز شریف کو مخاطب کرکے سوال کیا کہ میاں صاحب، یہ کیا بیانیہ ہی کیا وہ نہیں جانتے تھے کہ اس بیان کا کیا رد عمل آئے گا ۔

(جاری ہے)

ہماری پارٹی نواز شریف کے بیان کو مسترد کرتی ہے۔ امید ہے وہ اپنا بیان واپس لیں گے اور اس پر اپنی وضاحت دیں گے۔ایسا لگ رہا ہے کہ وہ ملک سے باہر کھڑے ہوکر سوال پوچھ رہے ہیں۔نواز شریف اور اور ان کی جماعت خود کو جوابدہی سے مستثنیٰ سمجھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس کیس میں پاکستان نے جو کوشیشں کیں وہ کیوں نہیں بتائیں۔ہم سب چاہتے ہیں کہ امن ہو کیوں کہ امن سے جمہوریت کے ثمرات ملیں گیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ممبئی ٹرائل مکمل کرنے کی کوشش میں پیش پیش رہا ہے۔ پاکستان نے ممبئی حملوں پر 2008 سے تواتر سے تعاون کیا اورامریکا بھی کہہ چکا ہے کہ ممبئی حملوں میں پاکستان کا کردار نہیں۔شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر طاقتور ممالک نے ہدف بنایا ہوا ہے، عالمی طاقتیں اپنی ناکامیاں پاکستان پر ڈال رہی ہیں لیکن پیپلز پارٹی ہر سطح پر پاکستان کا مقدمہ لڑے گی۔ہم چاہتے ہیں ممبئی حملوں کے ذمہ دار کیفر کردار تک پہنچائے جائیں۔شیری رحمان نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے دہشت گردی کے خلاف علم بھی اٹھایا اور قربانی بھی دیں۔پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی زہر گھولے یہ برداشت نہیں کریں گی۔