Live Updates

جعلی خان خیبرپختونخوا کی عوام کو دھوکہ دے چکے دیگر صوبوں کے شہری ان کے جھانسے میں نہ آئیں،ہمایوں خان

اتوار 13 مئی 2018 21:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ہمایوں خان نے کہا ہے کہ جعلی خان خبیرپختونخوا کی عوام کو دھوکہ دے چکے ہیں دیگر صوبوں کے شہری ان کے جھانسے میں نہ آئیں،جب سے پی ٹی آئی کے منحوس سائے کے پی پر پڑے ہیں پختونوں کو زخم ہی زخم ملے۔عمران نیازی کے کراچی کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ہمایوں خان نے کہا کہ اے پی ایس کے شہداء، مشال خان کے قتل کے نشان عمران نیازی کے دامن پر نمایاں ہیں۔

ہمایوں خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے نہ کوئی سکول بنایا، نہ کوئی کالج، نہ کوئی ہسپتال اور نہ کوئی بڑی شاہراہ اس کے باوجود صوبے کو پونے تین سو ارب کا مقروض کر دیا،خیبرپختونخوا میں سینکڑوں کی تعداد میں پرائمری سکول بند کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے صوبے کے ایک چوتھائی بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہی حالت محکمہ صحت کی ہے جس کے سارے فنڈ چوری کئے گئے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہسپتالوں میں ادویات میسر نہیں ہیں،پی ٹی آئی کے عہدیداربھی وزیراعلیٰ خٹک پر کرپشن کے ثبوت لے کر پھر رہے ہیں مگر چونکہ عمران نے احتساب بیورو کے دفاتر تالے لگا دئیے ہیں اس لئے کوئی فریاد سننے کے لئے تیار نہیں۔

ہمایوں خان نے کہا کہ باقی صوبے کا جو حال ہے وہ انتہائی خراب ہے صرف پشاور شہر کی آدھی آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے اور گمراہ کرنے میں عمران نیازی نے گوئبلز یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری لے رکھی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات