بھارت میںمسلمانوںاور دیگر اقلیتوں کے خلاف تعصب خطرناک حدوں تک پہنچ گیا ہے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، شبیر احمد ڈار

پیر 14 مئی 2018 11:30

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںمسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے کہاہے کہ کشمیر ایک بین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ تنازعہ ہے جسے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوںکے مطابق حل کیاجاسکتا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمدڈار نے ان خیالات کا اظہار سوپور میں پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ایک روڈ میپ دیا ہے اور عالمی ادارے کو اس بار میں یاد لانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی اور خوف و ہراس کا ماحول پید کر رکھا ہے اور وہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران کشمیریوں کا اپنا ناقابل تنسیخ حق،حق خودارادیت مانگنے پر ایک لاکھ سے زائد بے گناہ افراد کو شہید ، ہزاروں کو حراست کے دوران لاپتہ اور اربوں روپے مالیت کی املاک کو تباہ کر چکا ہے جبکہ مقبوضہ علاقے میںخواتین کی عصمت دری کو ایک جنگی ہتھیار کے طورپر استعمال کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

شبیر احمد ڈار نے کہاکہ بھارت میںمسلمانوںاور دیگر اقلیتوں کے خلاف تعصب خطرناک حدوں تک پہنچ گیا ہے اور اقلیتوں کو جبری طورپر ہندو بنانے کی پالیسی پر عمل جاری ہے ۔ اجلاس کے شرکاء نے جدوجہد آزادی کشمیر کو مذید موثر طورپر آگے بڑھانے کے لئے گرانقدر تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر محمد رمضان ، شمیم احمد، منظور احمد اور حاجی مظفر احمد بھی موجود تھے ۔