سڑکوں اور چوراہوں پر لگے پول اور سائن بورڈزکو ہٹانے کا مطالبہ

پیر 14 مئی 2018 14:01

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) شاہراہ ریشم سمیت مختلف سڑکوں اور چوراہوں پر لگے پول اور سائن بورڈز شہریوں کے خطرہ بن گئے۔ شہر بھر کی کئی سڑکوں و پلازوں کی چھتوں اور چوکوں و چوراہوں میں نصب کئے گئے بھاری سائن بورڈز شہریوں کیلئے خطرہ بن گئے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی پھلکی آندھی کے باعث آئے روز سائن بورڈز گرنا معمول بن گیا ہے۔

گذشتہ دنوں غازی بازار میں ایک سٹریٹ لائٹس کا پول جس پر چھوٹے سائن بورڈز بھی نصب کئے گئے تھے، ہلکی آندھی کے باعث ایک رکشتہ پر گر گیا جس کے باعث ڈرائیور شدید زخمی ہوا اور رکشہ کو بھی کافی نقصان پہنچا، ٹینک چوک سے ڈی سٹاپ چوک تک شاہراہ ریشم کے درمیان لگی سٹریٹ لائٹس پول جن پر تشہیری سائن بورڈز بھی نصب ہیں، میں سے زیادہ تر کی بنیادیں کمزور ہونے کے باعث ہوا کے چلنے سے جھول رہے ہوتے ہیں اور مختلف پلازوں اور دکانوں کی چھتوں پر نصب دیوہیکل سائن بورڈز میں سے اکثر گرنے کے قریب ہیں جو کسی بھی وقت کسی بڑے حادثہ کا سبب بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم اے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہری علاقہ میں نصب تمام سائن بورڈز کا معائنہ کر کے ایسے سائن بورڈز فی الفور ہٹائے جائیں جن کا آندھی و طوفان کے باعث گرنے کا اندیشہ ہو۔