ضلع ناظم ہری پور کی ناظمین اور کونسلرز پر الزام تراشی کے خلاف بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج، نیب سے نوٹس لینے کا مطالبہ

پیر 14 مئی 2018 14:01

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) ضلع ناظم عادل اسلام کی ضلع بھر کے ناظمین اور کونسلرز پر الزام تراشی کے خلاف ضلع کے بلدیاتی نمائندے سراپا احتجاج بن گئے۔ نیب ہری پور میں ہونے والی میگا کرپشن کا فوری نوٹس لیکر ضلع کونسل، تحصیل کونسل، اور ویلج کونسلوں تک تحقیقات کا آغاز کرے، ضلع بھر کے بلدیاتی نمائندوں نے ضلع ناظم کی الزام تراشی کا جواب دینے کیلئے مشاورت شروع کر دی۔

کچھ روز قبل ضلع ناظم عادل اسلام نے ضلع بھر کے بلدیاتی نمائندوں کے خلاف الزام تراشی کرتے ہوئے اے ڈی لوکل گورنمنٹ کو ایک لیٹر ارسال کیا جس پر اے ڈی لوکل گورنمنٹ نے ضلع بھر کی ویلج کونسلوں کو فنڈز کے غلط استعمال کرنے کے حوالہ سے لیٹر جاری کیا جس پر بلدیاتی نمائندے بھپر گئے اور انہوں نے جب اے ڈی سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ضلع ناظم کے حکم پر ایسا لیٹر جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تحصیل غازی، خانپور اور تحصیل ہری پور کے بلدیاتی نمائندوں کا کہنا تھا کہ اگر کوئی تین چار وی سی میں فنڈز کا غلط استعمال کیا گیا ہے تو ادارہ موجود ہے وہ تحقیقات کرے لیکن اس کی آڑ میں پورے بلدیاتی سسٹم کو گالی دینا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تین سال سے ضلع اور تحصیل ممبران کرپشن کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی بلکہ آواز بلند کرنے والے ممبران کو فنڈز سے محروم کیا گیا ہے، نیب خیبرپختونخوا سے ضلع کونسل کے تین سالہ فنڈز کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کونسلوں میں سپورٹس، تعلیم، اور صحت کیلئے مختص فنڈز کی بندر بانٹ کی گئی ہے، ضلع ناظم عادل اسلام سے بلدیاتی نمائندوں کے خلاف الزام تراشی پر شدید احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلہ میں غازی میں ایک مشاورتی اجلاس ہو چکا ہے اور آئندہ چند روز میں ہری پور تحصیل کی سطح پر ضلع بھر کے بلدیاتی نمائندوں کا اجلاس ہو گا اور باقاعدہ طور پر احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔