ایبٹ آباد پولیس کی ماہ اپریل کے حوالے سے کرائم میٹنگ ،کارکردگی رپورٹ جاری، اعلیٰ افسران کی شرکت

پیر 14 مئی 2018 22:54

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفس ایبٹ آ باد میں ضلعی پولیس آفیسر ایبٹ آباد سید اشفاق انور کی زیر صدارت ماہ اپریل کے حوالے سے کرائم میٹنگ کا انعقاد ہواجس میں ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد سونیا شمعروز خان، ایس پی انوسٹیگیشن ایبٹ آباد عزیز خان آفریدی ، جملہ ایس ڈی پی اوز اور تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد سید اشفاق انورنے ماہ اپریل کے کرائم کے حوالے سے تفصیلی میٹنگ کی اور تمام تھانوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔

تمام ایس ایچ اوز کی ماہ اپریل کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی جس میں منشیات فروشوںکے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ضلع پولیس ایبٹ آباد نے 36کلو گرام چرس ، 01کلوگرام ہیروئن ، 380بوتل شراب برآمد کی۔

(جاری ہے)

اسی طرح غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوںکے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ضلع پولیس نے 50بندوقیں مختلف بور، 08عدد رائفلیں ، 56 پستول اور1460کارتوس برآمد کیے . مجرمان اشتہاریوں کے خلاف کاروائی کے دوران ماہ اپریل میں ضلع پولیس نے 34مجرمان اشتہاری جبکہ 15عدالتی مفرور گرفتار کیے ۔

اسی طرح جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ضلع پولیس نے ماہ اپریل کے دوران 69043گاڑیوں کو بذریعہ وہیکل ویریفکیشن سسٹم(VVS) چیک کیا گیا جبکہ 75667 اشخاص کو بذریعہ کریمینل ریکارڈ ویریفکیشن سسٹم (CRVS) چیک کیا گیا ۔ماہ اپریل کے دوران سزا و جزا کا سلسلہ جاری رہا جس میں 30پولیس افسران کو مختلف نوعیت کی سزائیں جبکہ 18پولیس افسران کو بہترین کارکردگی پر انعامات سے نوازا گیا۔

ضلعی پولیس آفیسر ایبٹ آباد سید اشفاق انور نے پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے بتایا کہ منشیات فروشوں ، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اورمجرمان اشتہاریوں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں جاری رکھی جائیں اور اس سلسلے میں عوامی تعاون حا صل کر کے جرائم کا قلع قمع کیا جائے ۔ آخر میں ضلعی پولیس آفیسر سید اشفاق انور نے ماہ اپریل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے SHOsکو شاباش دی ۔