غزہ کے حالات پوری دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہیں، امریکا اور اسرائیل وہاں فوجی درندگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 15 مئی 2018 15:10

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ غزہ کے حالات پوری دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہیں، امریکا اور اسرائیل وہاں فوجی درندگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امریکی سفارتخانے کے افتتاح کے موقع پر 55 فلسطینوں کو شہید کیا گیا جو انتہائی افسوسناک ہے، اسرائیل نے قتل عام کرکے بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کے ساتھ پاکستان کے عوام کا جذباتی لگائو ہے، کشمیر اور فلسطین کے مسئلے حل ہونے چاہیں۔ پاکستا ن نے ہمیشہ ہر بین الاقوامی فورم پر فلسطین کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی اس کی حمایت جاری رکھے گا اور پاکستانی عوام بھی ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔