پشاور، خیبر پختونخوا ڈرگز رولز 1982(ترمیم شدہ) پر عمل درآمد کرنے اور میڈیسن کے کاروبار سے وابستہ غیر متعلقہ افراد کی ہڑتال کے خلاف مظاہرہ

نام نہاد کیمسٹوں اور ڈرگسٹوں کو مریضوں کی زندگیوں کے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،ڈاکٹر احسان اللہ مریضوں کو معیار ی ادویات کی فراہمی کیلئے خیبر پختونخوا ڈرگز رولز 1982(ترمیم شدہ) پر عمل در آمد ہر حال میں یقینی بنانا وقت کا تقاضا ہے،صدر پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن خیبر پختون خو کا مظاہرے سے خطاب

منگل 15 مئی 2018 22:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن (پی پی اے )خیبر پختونخوا چیپٹر کے زیر اہتمام خیبر پختونخوا ڈرگز رولز 1982(ترمیم شدہ) پر عمل درآمد کرنے اور میڈیسن کے کاروبار سے وابستہ غیر متعلقہ افراد کی ہڑتال کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا،جس میں خیبر پختونخواکے علاوہ پنجاب سے بھی فارماسسٹوں نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔

مظاہرے کی قیادت ایسوسی ایشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر احسان اللہ کر رہے تھے۔ان کے ساتھ ڈاکٹر نجیب اللہ شامیزئی ، ڈاکٹر فرمان ، ڈاکٹر رئیس ، ڈاکٹر فرقا ن ہاشمی اور ڈاکٹر منظور سعید سمیت دیگر سینئر فارماسسٹس بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر احسان اللہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو معیار ی ادویات کی فراہمی کیلئے خیبر پختونخوا ڈرگز رولز 1982(ترمیم شدہ) پر عمل در آمد ہر حال میں یقینی بنانا وقت کا تقاضا ہے، نام نہاد کیمسٹوں اور ڈرگسٹوں کو مریضوں کی زندگیوں کے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ، اس لئے صوبائی حکومت کسی بھی دبائو میں آئے بغیر ڈرگز رولز پر عمل در آمد کا آغاز کرے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فرمان کا کہنا تھا کہ ادویات کا کوئی بھی دکان یا مرکز فارماسسٹ کی موجود گی کے بغیر نامکمل ہے لیکن بدقسمتی سے ملک میں ایک غلط روایت چل پڑی ہے کہ غیر تعلیم یافتہ افراد بھی میڈیسن کے کسی دوکان پر تین چار مہینے تجربہ حاصل کر کے اپنی دکان کھول لیتے ہیںاور بغیر کسی رکاوٹ کے مریضوں کی زندگیوں سے کھیلنا شروع کردیتے ہیں۔ ڈاکٹر رئیس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈرگز رولز کے خلاف میڈیسن کا کاروبار کرنے والے افراد کی ہڑتال نہایت افسوسناک امر ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے ،وہ کم ہوگی۔

دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری فارماسسٹ برادری صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑ ی ہے ، فارماسسٹوں کی کوئی کمی نہیں ، اگر حکومت عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی کیلئے ایک متبادل نظام کا قیام عمل میں لاتی ہے تو ہم اس خدمت کیلئے تیار کھڑے ہیں۔