سینیٹ میں اسرائیل کی مذمت اور فلسطینیوں کے حق میں قرارداد منظور

امریکا کے سفارت خانہ کی بیت المقدس منتقل کرنے کے فیصلہ کو مسترد کردیا، بین الاقوامی برادری سے اسرائیلی مظالم روکنے کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ،بھارت مقبوضہ کشمیر اور اسرائیل فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے

منگل 15 مئی 2018 23:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) سینیٹ نے اسرائیل کی مزمت اور فلسطینیوں کے حق میں قرارداد منظور کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے اسرائیلی مظالم روکنے کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کردیا۔بھارت مقبوضہ کشمیر اور اسرائیل فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے۔سنینیٹ نے امریکا کے سفارت خانہ کی بیت المقدس منتقل کرنے کے فیصلہ کو مسترد کردیا۔

منگل کو سینیٹ اجلاس میں قائد ایوان راجہ ظفرا لحق نیاسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کے قتل عام پر سینیٹ میں قرارداد پیش کی جس کو متفقہ طور پر سینیٹ نے پاس کیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ سینیٹ فلسطین کے عوام پر اسرائیل کی طرف سے انسانیت سوز مظالم جس کے نتیجے میں پچاس سے زائد فلسطینی شہید ہوئے جن میں بچے بھی شامل ہیں کہ شدید مذمت کر تی ہے۔

(جاری ہے)

سوموار کو اسرائیل کی طرف سے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل فوج نے فائرنگ کر کے ہزاروں کی تعداد میں فلسطینیوں کو زخمی کیا ۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں اور اسرائیل فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کررہا ہے اور دونوں ممالک کشمیر اور فلسطین میں آبادی کا تناسب تبدیل کررہے ہیں۔ہم فلسطینیوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور امریکہ کی طرف سے بیت المقدس سفارتخانہ منتقل کرنے کے فیصلہ کو مسترد کرتے ہیں۔ قرارداد میں بین الاقوامی برداری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور اس کو روکنے میں کردار ادا کرے۔