وفاقی دارالحکومت میں رمضان کی تیاریاں مکمل ، مساجد میں اضافی صفوں کا انتطام کرلیا گیا، تجارتی مراکز میں اشیائے ضروریہ بالخصوص کھجور کی خرید جاری

بدھ 16 مئی 2018 16:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) ملک کے دیگر شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی رمضان کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں۔ مساجد میں نماز تراویح اور پنجگانہ نماز کی ادائیگی کے لئے لائوڈ سپیکروں ، پنکھوں اور دیگر آلات کی مرمت کے علاوہ اضافی صفوں کا انتطام کرلیا گیاہے۔ قراء حضرات نے نمازتراویح میں قرآن پاک سنانے کے لئے منازل کی دہرائی کا آغاز کردیا ہے ۔

تجارتی مراکز میں بھی رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر اشیائے ضروریہ کے خصوصی سٹال سجانے بالخصوص کھجور کی خرید و فروخت جاری ہے۔ تسبیحات ، ٹوپیاں ، جائے نماز سمیت مختلف انواح واقسام کی خوشبوئیں اور دیگر لوازمات کی خریدو فروخت بھی شروع ہو گئی ہے۔ گھروں میں خواتین نے استقبال رمضان کی خصوصی تیاریاں کی ہیں۔

(جاری ہے)

گھروں کی صفائی جھاڑ پونچھ کے علاوہ عبادت کے لئے خصوصی کمروں کی تزئین و آرائش کی گئی ہے تاکہ پر سکون ماحول میں خواتین اپنی عبادات کا اہتمام کرسکیں۔

خواتین نے گھروں میں اجتماعی تراویح کے لے اپنی سہیلیوں کو مدعو کرنا شروع کردیا ہے اور حافظ قرآن خواتین کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں ۔ خصوصی عبادات کے علاوہ سحر و افطار کے خصوصی پکوان تیار کرنے کے لئے بھی خریداری اور برتنوں کی صفائی کا عمل شروع ہو گیاہے ۔ مختلف ہوٹلوں اور ریستورانوں کی طرف سے بھی سحر وافطار رمضان پیکج کی تشہیر کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :