راولپنڈی کی کارروائی ، خاتون سے زیادتی ،منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ میں ملوث 9 ملزمان گرفتار

جمعہ 29 اگست 2025 23:26

راولپنڈی  کی کارروائی ، خاتون سے زیادتی ،منشیات فروشی اور غیر قانونی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) راولپنڈی پولیس نے شہر کے مختلف تھانوں کی حدود میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے زیادتی ،منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ میں ملوث 9 ملزمان گرفتارکر لئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون سے زیادتی کرنے اور نازیبا ویڈیو بنانے والے شخص کو گرفتار کرلیا،متن مقدمہ کے مطابق زیر حراست شخص نے بہانے سے ہوٹل میں لے جا کر خاتون سے زیادتی کی ویڈیو بنائی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

(جاری ہے)

واقعہ کا مقدمہ 2 یوم قبل درج کیا گیا تھا۔ تھانہ سٹی، ویسٹریج، واہ کینٹ اور چکلالہ کے علاقوں میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔دریں اثناء پیرودھائی پولیس نے شادی کا جھانسہ دے کر خاتون سے زیادتی کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں دوسرا ملزم بھی گرفتارکرلیا۔واقعہ کا مقدمہ رواں ماہ درج کیا گیا تھا،چکلالہ پولیس نےایک ملزم کو گرفتار کر کے 2 کلو400 گرام چرس برآمد کی،صدرواہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر کے 1 کلو 680 گرام چرس برآمد کی جبکہ گوجرخان پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر کے 1 کلو 640 گرام چرس برآمد کی۔