ن لیگ کی حکومت نے قومی اداروں کا دیوالیہ نکال دیا ہے، خرم شیر زمان

بدھ 16 مئی 2018 18:21

ن لیگ کی حکومت نے قومی اداروں کا دیوالیہ نکال دیا ہے، خرم شیر زمان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر ایم پی اے خرم شیر زمان اور پی ٹی آئی لیبر ونگ کراچی کے صدر سربلند خان نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل کے مزدور بھی ملک کے دوسرے مزدوروں کی طرح تنخواہ کے حقدار ہیں۔

پاکستان اسٹیل کے مزدوروں کو رمضان کی آمد کے باوجود پانچ ماہ کی تنخواہوں سے محروم رکھا جارہا ہے۔ مزدوروں کو زبردستی احتجاج پر مجبور کیاجارہا ہے۔ ن لیگ کی حکومت نے قومی اداروں کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔ حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ مزدوروں کی تنخواہیں فی الفور ادا کرے۔

(جاری ہے)

پاکستان اسٹیل کو تباہ کرنے والوں کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔

حکومتی نمائندے اپنی ذمہ داریاں چھوڑ کر نوازشریف کی کرپشن کے دفاع میں مصروف ہیں۔ حکومت اسٹیل ملز کے مزدوروں کے جائز مطالبات فوری تسلیم کریں ورنہ شدیدترین احتجاج کیا جائے گا۔حکومت مزدوروں کا پیٹ کاٹ کر اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اسٹیل مل کے مزدوروں کے خلاف اس ظلم و زیادتی کی شدید مذمت کرتی ہے۔ ہم مزدوروں کے حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں۔

ن لیگ کی نا اہل حکومت پاکستان پر رحم کرے اورعوام کی جان چھوڑدے تاکہ نئی قیادت منتخب کی جا سکے۔ ہم پاکستان اسٹیل کے ملازمین کے حقوق کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔مزدور محنت کرکے پاکستان اسٹیل مل میں کام کرتے ہیں اور انہیں مہینوں مہینوں کوئی تنخواہ نہیں دی جاتی۔ تنخواہوں کی عدم ادائیگی ایک ایسا ظلم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔