کراچی ،رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ

کے الیکٹرک نے 20مئی تک لوڈشیڈنگ میں کمی کا ایک اور دعوی کردیا

بدھ 16 مئی 2018 19:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوچکا ہے اور شدید گرمی میں شہری دوہری اذیت میں مبتلا ہیں ،جبکہ کے الیکٹرک نے 20مئی تک لوڈشیڈنگ میں کمی کا ایک اور دعوی کردیا ہے ،تفصیلات کے مطابق ماہ صیام کی آمد آمد ہے اور اس کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈ شیڈنگ میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے ،جس کی وجہ سے شہری شدید گرمی میں دوہری اذیت برداشت کرنے پر مجبور ہیں جبکہ شہر کے اکثر علاقوں میں کے الیکٹرک کے خلاف ا حتجاجی مظاہرے بھی کئے جارہے ہیں ،ناظم آباد ، پاک کالونی ،گارڈن ،بلدیہ ٹائون ،میٹروول سائٹ ایریا سمیت کئی علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا ہے ،جبکہ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بن قاسم پاور پلانٹ کی فنی خرابی دور کرنے کیلئے پرزہ باہر سے منگوایا ہے اور ہالینڈ سے مطلوبہ پرزہ کراچی پہنچادیا گیا ہے ،اور ماہرین پرزے کی تنصیب پر کام شروع کردیا ہے اور بیس مئی تک بن قاسم پاورپلانٹ سے بجلی کی فراہمی بحال ہوجائے گی جس کے بعد شہر میں لوڈشیڈنگ میں واضح کمی آئے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے درمیان تنازعے کے دوران کے الیکٹرک نے دعوی کیا تھا کہ گیس کی کمی کے باعث اضافی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور اگر گیس ذیادہ دی جائے تو لوڈشیڈنگ میں واضح کمی آجائے گی تاہم کے الیکٹرک کا یہ دعوی بھی محض دعوی ہی رہا اور زائد گیس کی فراہمی کے باوجود لوڈشیڈنگ میں کوئی کمی واقع نہ ہوسکی تھی