وزیراعلیٰ پنجاب و آئی جی پولیس تھانہ نارنگ کے اہلکاروں کا ذکاء اللہ ہنجرا کے گھر پر حملے کا نوٹس لیں ‘لیاقت بلوچ

گھر کی چھتوں کی چار دیواری گرادی گئی ، کمروں کے تالے توڑ کر گھریلوسامان کی توڑ پھوڑ کی گئی ، یہ واقعہ قابل مذمت ہے

بدھ 16 مئی 2018 23:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ نے مرکزی شعبہ نشرواشاعت کے کارکن چوہدری فرحان شوکت ہنجرا کے چچا چوہدری ذکا اللہ ہنجرا کے گھر پرتھانہ نارنگ پولیس کے دھاوے ،چادر چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنے ،کمروں کے تالے توڑکر گھریلو سامان کی توڑپھوڑ اور چار دیواری کوگرانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب،آئی جی پنجاب او ر ڈی پی اوشیخوپورہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پولیس گردی کا نوٹس لیںاور پولیس کے جن اہلکاروں نے غیر قانونی اور غیر اخلاقی کاروائی کی ہے ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا پولیس کے اس رویے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیاہے ۔ علاقہ کے لوگ سخت غم و غصہ میں مبتلا ہیں اور پولیس گردی ناقابل برداشت ہے ۔انہوں نے کہا چوہدری ذکااللہ ہنجرا ایک شریف النفس اور علاقے کی معتبر سیاسی شخصیت ہیں۔پولیس نے انتہائی ظلم کیا ہے ۔ہم توقع رکھتے ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب اورمحکمہ پولیس کے اعلیٰ حکام اس افسوس ناک واقعہ کی انکوائری کریں گے اور ذمہ داران کے خلا ف سخت کاروائی کی جائے گی ۔