وزیراعلیٰ شہبازشریف کا شہید کرنل سہیل عابد کی بہادری کو خراج عقیدت، اہلخانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت ،ْ شہید کرنل سہیل عابد نے جس مقصد کیلئے اپنی جان نچھاور کی ہے، وہ پوری قوم کا مشن ہے

شہبازشریف شہید کرنل سہیل نے اپنا آج قوم کے پرامن کل پر قربان کیا ہی:وزیراعلیٰ،زخمی اہلکاروں کی صحت یابی کیلئے دعا

جمعرات 17 مئی 2018 19:20

لاہور۔17 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے کلی الماس میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کے دوران شہیدہونے والے کرنل سہیل عابد کی بہادری اور جرأت کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے شہید کرنل سہیل عابدکے اہل خانہ سے دلی ہمدردی او ر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ شہادت کا بلند رتبہ پانے والے کرنل سہیل عابد نے وطن کے امن کیلئے اپنی قیمتی جان نچھاور کرکے اپنا آج قوم کے پرامن کل پر قربان کیا ہے۔ قوم شہید کرنل سہیل عابد کی عظیم قربانی کو فراموش نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس مقصد کیلئے شہید کرنل سہیل عابد نے اپنی جان نچھاور کی ہے، وہ پوری قوم کا مشن ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے شہید کرنل سہیل عابد جیسے بہادر سپوت قوم کے ہیروہیں اور پاکستان کے امن کیلئے جانوں کے نذرانے دینے والے بہادر سپاہیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فوج ،پولیس ، سکیورٹی اداروں اور عام شہریوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیںگی۔