آئندہ الیکشن کے بعد وزیر اعظم پی ٹی آئی کا نہیں ہو گا،، البتہ وزرا ان کے ہو سکتے ہیں

سینئیر سیاستدان جاوید ہاشمی نے لائیو پروگرام میں انکشاف کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 مئی 2018 10:55

آئندہ الیکشن کے بعد وزیر اعظم پی ٹی آئی کا نہیں ہو گا،، البتہ وزرا ان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا کہ الیکشن ہوں گے ، ان کا کہنا تھا کہ بے شک پی ٹی آئی میں انتخابی لوگ شامل ہو رہے ہیں لیکن وزیر اعظم ان کا نہیں بنے گا۔ البتہ وزیر شاید ان کے بن جائیں،جاوید ہاشمی نے الیکشن سے متعلق خبر دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن تو بالکل ہوں گے،ہم نے یہی تو جنگ لڑی ہے، میری جنگ یہی تھی کہ ملک الیکشن ہونے چاہئیں، ہم نے جنگ لڑی تھی کہ پارلیمنٹ اپنا وقت پورا کرے اور الیکشن وقت پر ہوں، انہوں نے کہا کہ اتنی جنگ اس لیے لڑی گئی ہے کہ جو لوگ اپنی طرح کی حکومتیں چاہتے تھے ان کے خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکیں۔

یاد رہے کہ جاوید ہاشمی نے حال ہی میں مسلم لیگ ن میں دوبارہ شمولیت اختیار کی ہے۔

(جاری ہے)

سینئیر سیاستدان نے مسلم لیگ ن کے ملتان جلسے میں حکومتی جماعت میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ الیکشن نزدیک آتے ہی سیاسی جماعتوں میں جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ، حکومتی جماعت کے کئی رہنماؤں پارٹی پالیسی اور نواز شریف کے بیانیے سے اختلاف کرتے ہوئے پارٹی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا۔

مسلم لیگ ن سے کئی رہنماؤں کا جانا اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ شاید مسلم لیگ ن کی سیاسی حیثیت عنقریب ختم ہو جائے ، حال ہی میں جنوبی پنجاب سے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے کا اعلان کیا تھا ، جس کے کچھ عرصہ بعد ہی جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنماؤں نے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کا اعلان کیا تھا ۔ نواز شریف کی عدلیہ اور نیب مخالف تقاریر اور بیانات پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ، کچھ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے موجودہ بیانیے پر مسلم لیگ ن میں شدید دھڑے بندی دیکھنے میں آ رہی ہے، جبکہ کچھ اطلاعات کے مطابق نواز شریف کے بیانیے کی وجہ سے شریف خاندان میں بھی دراڑ پڑ چکی ہے۔