کسی کی حب الوطنی یا غداری کا بہترین فیصلہ عوام کرے گی ، صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

ماضی میں سیاستدانوں پر غداری کے لیبل لگانا پاکستان کے لئے تباہ کن ثابت ہوا۔ آئین توڑنے والے غداروں کا احتساب کیوں نہیں کیا جاتا، مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت علمائے پاکستان

جمعہ 18 مئی 2018 20:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ کسی کی حب الوطنی یا غداری کا بہترین فیصلہ عوام کرے گی۔ ماضی میں سیاستدانوں پر غداری کے لیبل لگانا پاکستان کے لئے تباہ کن ثابت ہوا۔ آئین توڑنے والے غداروں کا احتساب کیوں نہیں کیا جاتا۔

پی ٹی آئی لوٹوں کی جماعت بن چکی ہے۔ لوٹے تیار کرنے والے خفیہ ہاتھ ملک و قوم پر رحم کھائیں۔ غیر سیاسی قوتیں کنگ پارٹی کے غبارے میں ہوا بھر رہی ہیں۔ لوٹوں کی جماعت نیا پاکستان نہیں بنا سکتی۔ قوم کی ضرورت نیا پاکستان نہیں نظام مصطفے والا اسلامی پاکستان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ متحدہ مجلس عمل سیاست کے فرعونوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ ہم مفادات نہیں نظریات کی سیاست کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ قوم ایم ایم اے کے امیدواروں کو ووٹ دے کر نظام مصطفی کو اقتدار میں لانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ ایم ایم اے کی مضبوطی سیکولر لابی کی کمزوری کا سبب بنے گی۔ دین بیزار عناصر کو سیاست سے آؤٹ کر کے دم لیں گے۔

شاہ اویس نورانی نے کہا کہ نواز شریف کا عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ جائز ہے۔ کمیشن بنا کر حقائق قوم کے سامنے پیش کئے جائیں۔ ملک کو انتشار سے بچانے کے لئے تمام آئینی ادارے اپنی محدود میں رہ کر کام کریں۔ عالمی پاکستان دشمن طاقتیں پاکستان میں فساد پھیلا کر اپنے مقاصد پورے کرنا چاہتی ہیں۔ قوم قائدین قومی یکجہتی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔