یوم یکجہتی فلسطین کے حوالے سے ابوظہبی میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں تقریب کا اہتمام

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی فوج کی طرف سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی

جمعہ 18 مئی 2018 22:12

ابوظہبی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) یوم یکجہتی فلسطین کے حوالے سے جمعہ کو ابوظہبی میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر معظم اے خان نے تقریب کی صدارت کی۔ ابوظہبی میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی جس میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی فوج کی طرف سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر معظم اے خان نے کہا کہ یوم یکجہتی فلسطین منانے کا مقصد فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل کے بارے میں عالمی اپیلوں کے باوجود امریکہ نے اپنا سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیا، جو عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی حکومت اور عوام فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انہوں نے ایک فعال، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا جو 1967ء سے قبل کی سرحدوں اور عالمی طور پر تسلیم شدہ طریقہ کار کے مطابق ہو، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ سفیر نے کہا کہ حکومت پاکستان اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے بے گناہ نہتے فلسطینیوں کے بے رحمانہ قتل عام کی مذمت کرتی ہے، جو امریکی سفارتخانے کے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے اور فوری طور پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کو روکنے کیلئے اقدامات کرے۔ تقریب کے آخر میں فلسطینی شہداء اور زخمیوں اور تنازعہ فلسطین کے جلد از جلد حل کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔