پشتونخواملی عوامی پارٹی کی ایف سی کے مدد گار سینٹر پر خودکش حملوں کی مذمت

جمعہ 18 مئی 2018 22:23

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2018ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میںایف سی کے مدد گار سینٹر پر خودکش حملوں کی دہشتگردی کے انسانیت دشمن واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اورگزشتہ روز کے آپریشن میں اعلیٰ آفیسر اور اے ٹی ایف اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے کوئٹہ شہر سمیت مختلف علاقوں میں دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کے جو انسانیت دشمن واقعات رونماء ہونا شروع ہوئے تھے اس حوالے سے پارٹی نے مسلسل صوبائی حکومت اور ان کے متعلقہ اداروں پر واضح کیا تھا کہ ایسے عوام دشمن دہشتگرد عناصر کے نیٹ ورک اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف تسلسل کے ساتھ مسلسل کارروائیاں جاری رکھنا لازمی ہے اور اب اس آپریشن اورکل کے خودکش حملوں کی دہشتگردی نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ ان عوام دشمن دہشتگردوں کا وجود ان کے نیٹ ورک اور سہولت کار موجود ہیں۔

(جاری ہے)

لہٰذا صوبائی حکومت اور ان کے متعلقہ اداروں کو اپنے ماضی کے آمر حکمرانوں اور ان کے کاسہ لیسوں کی انتہا پسندی اور عوام دشمنی پر مبنی پالیسیوں اور اقدامات کے باعث پیدا ہونیوالی ہر قسم کی دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے مسلسل عملی اقدامات ضروری ہے ۔ اور اب اس آپریشن کے بعد مخصوص سیاسی ومذہبی عناصر کی چپ سادھ خدانخواستہ ایسے عوام دشمن عناصر کے سہولت کار ثابت کررہے ہیں جو دن رات اخباری بیانات کے ذریعے غیر جمہوری قوتوں اور ان کے کاسہ لیسوں کو خوش کرنے کے مقابلے میں ایک دوسرے پر بازی لیجانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے۔

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ہمارے ملک کے ہر علاقے میں پید اہونیوالی ہر قسم کی دہشتگردی سالہا سال سے آمرحکمرانوں ، غیر جمہوری قوتوں اور ان کے کاسہ لیسوں کی نام نہاد توسیع پسندانہ عزائم کے باعث ہی پیدا ہوئی اور اب اس تمام گھمبیر صورتحال سے نکلنے اور نجات کاواحد راستہ اور ملکی استحکام اس میں ہے کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام ، آئین وقانون وپارلیمنٹ کی بالادستی ،قوموں کی برابری اور بلا تمیز تمام عوام کے سرومال کے تحفظ ، انسانی حقوق ،ہر شعبہ زندگی میں برابری کے حصول کو تسلیم کرتے ہوئے ملک میں ہر قسم کی انتہا پسندی ، شرپسندی ، فرقہ واریت سمیت ہر قسم کی دہشتگردی ، ان کے نیٹ ورک اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا تمیز کارروائی کی جائے۔

اور ہر علاقے میں گرفتار یا مرنے والے دہشتگردوں کے تمام تفصیل سے عوام کو باخبر کیا جائے اور ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے حقیقی جمہوری قوتوں کو عوام کی طرف سے حاصل تائید کو تسلیم کیا جائے ۔ بیان میں شہید ہونیوالے کرنل سہیل عابد اور اے ٹی ایف اہلکار سید ثناء اللہ شہید کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتونخوامیپ ان کے غم میں برابر کی شریک ہیں اور زخمی اہلکاروں کی بروقت علاج ومعالجے کو لازمی قرار دیتے ہوئے حکومتی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ ان زخمیوں کے علاج ومعالجے میں اپنی ذمہ داریاں بروقت پوری کرے۔