اسرائیلی اور بھارتی جارحت کے خلاف مسلم حکمرانوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے ، عثمان معظم

مسلم حکمرانوں کو مسلم دنیا کے تحفظ کے لئے بزدلی کا لبادہ اتار کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا: جنرل سیکریٹری پاسبان پاکستان

ہفتہ 19 مئی 2018 17:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) پاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم نے بھارتی فوج کی سیالکوٹ کی حدود میں فائرنگ ، گولہ باری اور اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں پر بمباری کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بھارتی فوجیوں کی محض توپیں خاموشی کرنا کافی نہیں بلکہ بھارتی فوجیوں کو منہ توڑ جواب دیکر انہیں مسلمانوں کی تاریخ یاد دلائی جائے ۔

اسرائیل بھارت اور امریکہ دنیا کے عالمی دہشت گرد بننے ہوئے ہیں اور اقوام متحدہ نے ان عالمی دہشت گردوں کی دہشت گردی پر مسلسل چشم پوشی اختیارکررکھی ہے ،اسرائیلی ،بھارتی دہشت گردی کو روکنے کے لئے مسلم حکمرانوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے ، بھارتی حکومت ،اسرائیل اور ان عالمی دہشت گردوں کے خلاف مسلم حکمرانوں کو ایک آواز ہوکر اقوام متحدہ کی رکنیت سے مستعفی ہوجانا چاہئے اور ان عالمی دہشت گرد ممالک سے تجارتی و سفارتی بائیکاٹ کی مہم چلانی چاہئے ۔

(جاری ہے)

جب تک مسلم حکمران آپس میں اتحاد اور یکجہتی کے مظاہرے کے ساتھ متفقہ فیصلے نہیں کریں گے اس وقت تک عالمی دہشت گردی کو روکنا ممکن نہیں ۔ عثمان معظم نے کہانے کہا کہ امریکہ ،اسرائیل اور بھارت گٹھ جوڑ نے پوری دنیا کا امن تباہ و برباد کردیا ہے مسلم حکمرانوں کو مسلم دنیا کے تحفظ کے لئے آپس کے اختلافات ختم کرکے بزدلی کا لبادہ اتار کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔