لاہور،سستے رمضان بازار عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہیں : جی ایم لالی

عوام کو ناجائزمنافع خوروں سے نجات دلانے کیلئے پرائس چیکنگ کے نظام کو فعال بنائے

ہفتہ 19 مئی 2018 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2018ء) پاکستان فریڈم موومنٹ پارٹی پنجاب کے صدر اور شعبہ تنظیم سازی و ممبر شپ کے سربراہ جی ایم لالی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے لگائے گئے سستے رمضان بازار وں میں کھجور ،آڑو،سیب ،لیموں اور مرغی کے گوشت سمیت روز مرہ استعمال کی دیگر اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں ،رمضان بازاروں ،یو ٹیلیٹی سٹورزاور عام مارکیٹوں میں مہنگائی کی صورتحال یہ ثابت کر رہی ہے کہ پنجاب حکومت رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غریب عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ایف ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرائس چیکنگ نظام مکمل طور پر فیل ہوگیا ہے لہٰذا عوام کو ذخیرہ اندوزوں اور ناجائزمنافع خوروں سے نجات دلانے کیلئے پنجاب حکومت چیک اینڈ بیلنس اورپرائس چیکنگ کے نظام کو فعال بنائے۔

(جاری ہے)

پی ایف ایم پنجاب کے صدر جی ایم لالی ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ سحری وافطاری اور نماز تراویح کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے جبکہ پنجاب حکومت ماہ صیام میں بجلی سمیت گیس وپانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ شہری سحری وافطاری سمیت نمازتراویح سکون سے پڑھ سکیں ۔