نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں کے چہرے بے نقاب ہوچکے، پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن

عوام منفی سیاست کرنے والوں کوالیکشن میں مسترد کردینگے، ترقی اورمیگا پراجیکٹس ن لیگ کی پہچان بن چکے ہیں ،حاجی شاہجہان، نورخان اخوندزادہ عمران تقریباٴْپانچ سال سے رو رہے ہیں اور روتے ہی رہیں گے، جیسے جیسے شیر آگے بڑھے گا ان کا رونا مزید تیز ہوتا جائے گا،،عبدالرحیم اعوان،مہنازاختر

اتوار 20 مئی 2018 18:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے نائب صدرحاجی شاہجہان،جوائنٹ سیکرٹری نورخان اخوندزادہ ، لیبرونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری عبدالرحیم اعوان اور شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر مہنازاختر نے کہا ہے کہ نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں،میٹرو اورنج ٹرین مخالفین کے لئے بڑی پریشانی کاباعث ہیں، عوام منفی سیاست کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کردیں گے،مسلم لیگ (ن) کاراستہ گالی نہیں، خوشحالی ہے ،مخالفین نے الزامات کی سیاست کی اور ہم نے عوام سے کئے وعدے پورے کئے۔

اتوارکو جاری مشترکہ بیان میں مسلم لیگی رہنمائوں نے کہاکہ پنجاب کی ترقی سب کے سامنے ہے، ترقی اورمیگا پراجیکٹس پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پہچان بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

معیار اور شفافیت کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کا انداز ہے۔ملک کو اندھیروں سے نجات دلانے کا سہرا مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے سر ہے اور بڑے ترقیاتی اور توانائی کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے ایک مثال قائم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں منصوبوں کی آڑ میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا جبکہ بعض سیاسی عناصر نے دھرنوں اور لاک ڈائون کے ذریعے تعمیر و ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی اور یہ عناصر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے شفاف ترین منصوبوں کو مکمل ہوتا دیکھ کر پریشان ہیں کیونکہ آج قومی خزانے کی پائی پائی امانت سمجھ کر ترقیاتی منصوبوں پر صرف کی جا رہی ہے ایک طرف شفافیت، محنت، دیانت، امانت اور خدمت کی سیاست ہے جبکہ دوسری طرف افراتفری، لوٹ مار اور دشنام طرازی اورانتشار کی سیاست ہے۔

انہوں نے کہاکہ نااہلی کے باوجود بھی ملکی سیاست نواز شریف کے گرد گھوم رہی ہے، ان کی مخالفت میں اتحاد بن اور ٹوٹ رہے ہیں۔ نواز شریف کا خوف ان کے مخالفین کو کھائے جا رہا ہے۔ عمران تقریباٴْپانچ سال سے رو رہے ہیں اور روتے ہی رہیں گے۔ جیسے جیسے شیر آگے بڑھے گا ان کا رونا مزید تیز ہوتا جائے گا۔