بھارت میں ایک اور مسلمان گائے ذبح کرنے کے الزام میں قتل

اتوار 20 مئی 2018 21:10

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ہندو انتہا پسندؤں نے ایک اور مسلمان کو گائے کے ذبیحہ کے الزام میں قتل کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ساتنا میں انتہا پسند ہندؤں کے ہجوم نے 2 مسلمانوں ریاض خان اور شکیل پر گائے کو ذبح کرنے کے الزام میں لاٹھیوں اور پتھروں سے حملہ کیا۔

(جاری ہے)

انتہا پسندوں کے تشدد کے نتیجے میں دونوں افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں سے ریاض خان ہسپتال میں دم توڑ گیا ،ْ شکیل نامی نوجوان کومے کی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔پولیس نے واقعہ کے ملوث 4 افراد کو گرفتار کرلیا تاہم ہندؤں کے تشدد سے زخمی نوجوان شکیل پر گائے ذبح کرنے کا بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق دونوں ا فراد مویشیوں کے ساتھ واپسی گاؤں آرہے تھے کہ انتہاپسندوں نے گائے ذبح کرنے کے الزام میں تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ذبح شدہ بیل اور دیگر جانوروں کا کٹا ہوا گوشت بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔