کراچی، تحریک انصاف سندھ کے صدر عارف علوی اور عمران اسماعیل نے ہزارہ کالونی میں ضرورت مند افراد میں راشن تقسیم کیا

حکومت کو عوام پر رمضان المبارک میں مہنگائی کا بم نہیں گرانا چاہئے تھا، اس کی بجائے عوام کو ریلیف دینا چاہئے تھا،میڈیا سے گفتگو

پیر 21 مئی 2018 20:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل نے ہزارہ کالونی میں ضرورت مند افراد میں راشن تقسیم کیا۔ اس موقعے پر پی ٹی آئی رہنما افتخار فاروقی اور دیگر پی ٹی آئی لیڈر بھی موجود تھے۔ اس موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت کو عوام پر رمضان المبارک میں مہنگائی کا بم نہیں گرانا چاہئے تھا۔

اس کی بجائے عوام کو ریلیف دینا چاہئے تھا۔

(جاری ہے)

یہ عوام ہی ہوتے ہیں جو کسی بھی سیاسی پارٹی کو ووٹ دے کر اسے اوپر لاتے ہیں اور حکومت کا حصہ بنا دیتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل نے کہا کہ ضرورت مند افراد بھی پاکستانی قوم کا ایک حصہ ہیں۔ ہمیں رمضان المبارک کی خوبصورت ساعتوں میں انہیں بھی شریک کرنا چاہئے اور رمضان المبارک کی سحری اور افطاری پر ان کا بھی برابر کا حق ہے۔ حکومت کی پالیسیوں نے امیروں کو غریب کردیا ہے اور غریب لوگ محتاج بن گئے ہیں۔ اگر ہم محتاجوں کی مدد نہیں کریں گے تو رمضان المبارک کی عبادتوں کا حقیقی لطف نہیں اُٹھا سکتے۔