Live Updates

داتا علی ہجویری کے مزار پر اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے ناموں کی قرعہ اندازی 15 رمضان المبارک کوہوگی

تاریخی بادشاہی مسجد میں اعتکاف میں بیٹھنے کے خواہشمند 10 رمضان المبارک تک درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں

منگل 22 مئی 2018 13:02

داتا علی ہجویری کے مزار پر اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے ناموں کی قرعہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) رمضان المبارک کے آخری عشرہ کے دوران حضرت داتاعلی ہجویری کے مزارپراعتکاف میں بیٹھنے والوں کے ناموں کی قرعہ اندازی 15 رمضان المبارک کوہوگی۔تاریخی بادشاہی مسجدمیں اعتکاف میں بیٹھنے کے خواہشمند 10 رمضان المبارک تک درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں،منہاج القرآن کے شہراعتکاف میں 25ہزار افرادمعتکف ہوں گے۔

لاہورمیں صوبائی محکمہ اوقاف ومذہبی امورکے تحت جامع مسجدداتاعلی ہجویری،بادشاہی مسجد، مسجدوزیرخان سمیت محکمہ اوقاف کے زیرانتظام دیگرمساجدمیں فرزندان اسلام کے اعتکاف میں بیٹھنے کا اہتمام کیاجارہا ہے ۔ جامع مسجدداتاعلی ہجویری میں ڈھائی ہزارافراداعتکاف میں بیٹھیں گے اس حوالے سے 16 مئی تک درخواستیں وصول کی گئی تھیں جن کی جانچ پڑتال جاری ہے، 15رمضان المبارک 31مئی کواعتکاف میں بیٹھنے والوں کے ناموں کی قرعہ اندازی ہوگی،کامیاب درخواست دہندگان کوبذریعہ خط آگاہ کیاجائے گا ۔

(جاری ہے)

بادشاہی مسجدلاہورمیں ایک ہزارکے قریب افراداعتکاف میں بیٹھیں گے ،بادشاہی مسجدمیں اعتکاف میں بیٹھنے کے لیے 26مئی تک درخواست جمع کروائی جاسکتی ہے۔لاہورمیں سب سے زیادہ افرادمنہاج القرآن کے زیراہتمام شہراعتکاف میں معتکف ہوں گے، منہاج القرآن کے شہراعتکاف میں مرد اورخواتین کے لیے اعتکاف بیٹھنے کے علیحدہ انتظامات کئے جاتے ہیں، مجموعی طورپر25ہزارافراداعتکاف میں بیٹھیں گے جن میں 18ہزارمردجبکہ 7ہزارخواتین شامل ہوں گی۔

جامعہ اشرفیہ میں 200،جامعہ نعیمیہ میں بھی 200افراد معتکف ہوں گے۔ اسی طرح جامعہ القادسیہ اورجامعہ منصورہ سمیت دعوت اسلامی کے زیراہتمام مساجدمیں بھی سینکڑوں لوگ اجتماعی اعتکاف میں بیٹھیں گے،معتکفین کی سحری،افطاری کا انتظام انتظامیہ کی طرف سے کیا جاتا ہے، اعتکاف کے موقع پرمساجد میں سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے جارہے ہیں۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :