Live Updates

اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول کیلئے پنجاب حکومت کا نئی وزارت قائم کرنے کا فیصلہ

پنجاب اسمبلی میں دی پنجاب پرائس کنٹرول آف ایسنشیل کموڈیٹیز (ترمیمی) بل 2025 کو کثرت رائے سے منظور کرلیاگیا،ترمیمی بل کے تحت نئی پرائس کنٹرول کونسل تشکیل دی جائے گی جس کی صدارت وزیر برائے پرائس کنٹرول یا وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے نامزد کردہ کسی عوامی نمائندے کے سپرد ہو گی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 31 جولائی 2025 12:02

اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول کیلئے پنجاب حکومت کا نئی وزارت ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جولائی 2025) اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول کیلئے پنجاب حکومت کانئی وزارت قائم کرنے کا فیصلہ،پنجاب اسمبلی میں دی پنجاب پرائس کنٹرول آف ایسنشیل کموڈیٹیز (ترمیمی) بل 2025 کو کثرت رائے سے منظور کرلیاگیا،ترمیمی بل کے تحت ایک نئی پرائس کنٹرول کونسل تشکیل دی جائے گی جس کی صدارت وزیر برائے پرائس کنٹرول یا وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے نامزد کردہ کسی عوامی نمائندے کے سپرد ہو گی۔

یہ بل گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا گیا ہے جس کا مقصد 2024 کے ایکٹ میں اہم ترامیم کر کے پرائس کنٹرول کے نظام کو مزید فعال بنانا ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق ترمیمی بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے جس کے بعد اسے نافذ العمل قرار دے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس اقدام کا مقصد مہنگائی پر قابو پانا، مصنوعی قیمتوں میں اضافے کو روکنا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

بل کے متن کے مطابق کونسل میں ماہرین اور سٹیک ہولڈرز کی مساوی نمائندگی دی جائے گی جن کی تعداد تین تین رکھی گئی ہے تاکہ فیصلہ سازی میں توازن اور مشاورت کو فروغ دیا جا سکے۔خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے پنجاب بھر کے باغات کو نو سموکنگ زون ڈکلیئر کر دیا تھا۔جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیاتھا۔تمام پارکس میں سگریٹ، ای-سگریٹ اور تمباکو سے بنی مصنوعات کی فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی کا نفاذ کیاگیاتھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پروبیشن آف سموکنگ اینڈ پروٹیکشن آف نان سموکرز ہیلتھ آرڈیننس 2002 کی شقوں کا اطلاق کیا جائے گا۔ آرڈیننس کے سیکشن 5 اور 7 کے تحت عوامی مقامات پر سگریٹ کا استعمال اور سیل ممنوع ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پارک میں موجود عملہ اور سٹاف مسلسل مانیٹرنگ کرے گا، اتھارٹیز دس دن میں قوانین کا نفاذ یقینی بنانے کی پابند ہوں گی۔ ٹک شاپس، کیفیز اور پارکس میں موجود وینڈنگ پوائنٹس پر بھی سگریٹ کی فروخت ممنوع قرار دی گئی تھی۔ پارکس میں مختلف مقامات پر نو سموکنگ بورڈز اور ہدایات نصب کی جائیں گی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات