ٹرمپ نے اب ٹیرف بھی لگا دیا مگر مودی کوئی جواب ہی نہیں دے پا رہے، راہول گاندھی کی شدید تنقید

سب جانتے ہیں مودی بولنے کے قابل نہیں، اگر وہ بولیں گے تو پھر امریکی صدر کھل کر بات کریں گے اور پوری سچائی سامنے رکھ دیں گے؛ بھارتی اپوزیشن لیڈر کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 31 جولائی 2025 12:43

ٹرمپ نے اب ٹیرف بھی لگا دیا مگر مودی کوئی جواب ہی نہیں دے پا رہے، راہول ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جولائی 2025ء ) بھارت کے قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے امریکی کی جانب سے ٹیرف عائد ہونے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ میڈیا سے گفتگو میں بھاری وزیراعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تو واضح ہے کہ مودی نے یہ نہیں کہا کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ نے 32 بار سیز فائر کا بیان دیا، اس نے کہا ہندوستان کے 5 جہاز گرے اور اب ٹیرف بھی لگا دیا ہے مگر مودی کوئی جواب ہی نہیں دے پا رہا اس کی وجہ یہ ہے کہ کنٹرول کسی اور کے ہاتھ میں ہے، سب جانتے ہیں کہ مودی بولنے کے قابل نہیں ہیں، اگر وہ بولیں گے تو پھر ڈونلڈ ٹرمپ کھل کر بات کریں گے اور پوری سچائی سامنے رکھ دیں گے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سفارتی تنہائی کا شکار بھارتی بیانیے کو دنیا نے مسترد کر دیا، مودی سرکار کو آپریشن بنیان مرصوص میں شکست کے بعد سفارتی سطح پر بھی منہ کی کھانی پڑی، اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے لوک سبھا میں مودی سرکار کی ذلت آمیز ناکامیوں کا پردہ چاک کیا اور کہا کہ ’اگر دم ہے تو وزیراعظم مودی کہیں کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہا ہے‘، اسی طرح جب بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے تقریر کے دوران نیو نارمل کا لفظ استعمال کیا اور کہا کہ ’تمام ممالک نے دہشت گردی کی مذمت کی‘ تو اس پر اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ ’جے شنکر نے یہ نہیں بتایا کہ پہلگام کے بعد ایک بھی ملک نے پاکستان کا نام نہیں لیا، دنیا بھارت کو اب پاکستان کے برابر سمجھ رہی ہے‘۔

(جاری ہے)

سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ مودی سرکار کے بیانیے کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کئی مرتبہ جنگ بندی میں کردار کا حوالہ دے چکے ہیں، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے موثر اور حقیقت پسندانہ مقف کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی، مودی سرکار کے مبہم، کمزور اور سیاسی مؤقف کو دنیا نے بے رحمی سے مسترد کیا، اس طرح مودی سرکار کا جھوٹ اب پوری طرح کھل کر سامنے آگیا۔