پاکستان کے نئے کرنسی نوٹوں کیلئے ڈیزائن کا انتخاب کرلیا گیا

نئے کرنسی نوٹوں پر باقاعدہ کام کابینہ کی منظوری کے بعد شروع کیا جائے گا؛ گورنر سٹیٹ بینک

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 31 جولائی 2025 11:55

پاکستان کے نئے کرنسی نوٹوں کیلئے ڈیزائن کا انتخاب کرلیا گیا
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جولائی 2025ء ) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ملک کے نئے کرنسی نوٹوں کیلئے ڈیزائن کا انتخاب کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کراچی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ نئے کرنسی نوٹوں کے لیے ایک ڈیزائن منتخب کر لیا گیا ہے جو ایک بین الاقوامی ماہر نے تیار کیا، نئے کرنسی نوٹوں پر باقاعدہ کام کابینہ کی منظوری کے بعد شروع کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے اس منصوبے کی منظوری دیئے جانے کی صورت میں پاکستان میں جلد ہی نئی کرنسی نوٹوں کی چھپائی شروع کردی جائے گی جس کے بعد یہ نئے نوٹ آنے والے مہینوں میں لین دین کے لیے استعمال ہونا شروع ہوجائیں گے، تاہم ابھی تک فائنل کیے جانے والے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن سامنے نہیں لائے گئے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کے اجراء سے قبل جرمن کمپنی جیزیکے اینڈ ڈیوریئنٹ (جی پلس ڈی) کو پیپر مشین اپ گریڈ منصوبہ دے گیا ہے، منصوبے کی تخمینی لاگت 3.4 ارب روپے ہے، جس میں ایک بین الاقوامی ٹینڈر شامل ہے جس کی مالیت 8.297 ملین یورو ہے اور یہ جی پلس ڈی جرمنی کو دیا گیا ہے، یہ اپ گریڈ 18 ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے، یہ منصوبہ ایس پی ایل کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے شروع کیا گیا ہے تاکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جا سکیں اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کی نئے بینک نوٹوں کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

بتایا جارہا ہے کہ یہ اپ گریڈ نئی بینک نوٹ سیریز کے لیے سٹیٹ بینک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بہت ضروری ہے، اس سے ناصرف پاکستان کی کرنسی کو مزید محفوظ اور جعلسازی سے محفوظ بنایا جائے گا بلکہ ایس پی ایل کو عالمی کرنسی سیکیورٹی پیپر مارکیٹ میں ایک نمایاں مقام حاصل ہوگا، جی پلس ڈی کی بینک نوٹ انڈسٹری میں مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کے باعث ایس پی ایل مکمل طور پر تیار ہوگا کہ وہ بینک نوٹ پیپر کو مستقبل کی ضروریات اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق تیار کرسکے۔