سرینا ولیمز فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں سیڈڈ کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہوں گی، آرگنائزرز

منگل 22 مئی 2018 23:37

سرینا ولیمز فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں سیڈڈ کھلاڑیوں میں شامل نہیں ..
پیرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) شہرہ آفاق امریکن ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز رواں ماہ شیڈول سال کے دوسرے گرینڈسلام ٹورنامنٹ میں سیڈڈ کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہوں گی۔ میگا ایونٹ 27 مئی سے 10 جون تک کھیلا جائے گا، ولیمز نے آخری مرتبہ 2016ء میں منعقدہ فرنچ اوپن میں شرکت کی تھی اور انہیں فائنل میں اسپینش کھلاڑی گربین مگوروزا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

36 سالہ سٹار کھلاڑی نے بچے کی پیدائش کے بعد رواں سال مارچ میں ٹینس کورٹس میں واپسی کی تھی تاہم اس وقت انہیں فارم کی بحالی میں مشکلات کا سامنا ہے، ولیمز کو انڈین ویلز اور میامی اوپن کے ابتدائی رائونڈ میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، عالمی رینکنگ میں سرینا ولیمز اس وقت 453ویں نمبر پر موجود ہیں۔ فرنچ ٹینس فیڈریشن حکام نے کہا کہ سرینا ولیمز کو سیڈڈ کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا جائے، 32 سیڈڈ کھلاڑیوں کا اعلان عالمی رینکنگ کے مطابق کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سرینا کو تین مرتبہ فرنچ اوپن چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور انہوں نے مجموعی طور پر 23 گرینڈسلام ٹائٹلز جیت رکھے ہیں۔

متعلقہ عنوان :