کین ولیم سن آئی پی ایل 2026 سے قبل لکھنؤ سپر جائنٹس کے سٹریٹجک ایڈوائزر مقرر

جمعرات 16 اکتوبر 2025 13:55

کین ولیم سن آئی پی ایل 2026 سے قبل لکھنؤ سپر جائنٹس کے سٹریٹجک ایڈوائزر ..
لکھنؤ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) نیوزی لینڈ کے تجربہ کار بلے باز کین ولیم سن نے آئی پی ایل فرنچائز لکھنؤ سپر جائنٹس میں بطور سٹریٹجک ایڈوائزر شمولیت اختیار کر لی ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 35 سالہ کین ولیم سن اس سے قبل بھی سنجیو گوئنکا کی ملکیت والی ٹیم ڈرمن سپر جائنٹس (جنوبی افریقا ٹی لیگ)کا حصہ رہ چکے ہیں۔انہوں نے حال ہی میں نیوزی لینڈ کرکٹ کا سینٹرل کنٹریکٹ ٹھکرایا تاکہ وہ دنیا بھر کی لیگز میں کھیل سکیں۔

کین ولیم سن ابھی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہوئے اور 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے قومی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔لکھنؤ سپر جائنٹس کے کوچنگ سٹاف میں اس سے قبل بھی بڑی تبدیلی آ چکی ہے، جب بھرت ارون نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز چھوڑ کر بولنگ کوچ کے طور پر شمولیت اختیار کی تھی۔

(جاری ہے)

کین ولیم سن نے 2015 سے 2024 تک 10 آئی پی ایل سیزن میں حصہ لیا، جن میں انہوں نے 2018 میں سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے کھیلتے ہوئے 735 رنز کے ساتھ اورنج کیپ جیتی تھی۔

انہوں نے سن رائزرز حیدرآباد کی قیادت بھی کی جبکہ بعد میں گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کی۔2023 میں وہ انجری کا شکار ہو گئے تھے اور صرف ایک میچ کھیل سکے تھے ۔ 2024 میں دو میچز میں شریک ہوئے، لیکن 2025 کے میگا آکشن میں وہ غیر فروخت رہے۔ولیمسن نے کہا ہے کہ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کا حصہ بننے پر بہت پُرجوش ہوں۔ یہ ایک باصلاحیت سکواڈ ہے اور کوچنگ سٹاف بھی بہت مضبوط ہے۔ آئی پی ایل جیسی بڑی لیگ کا حصہ بننا ہمیشہ خاص ہوتا ہے۔ان کے ساتھ کارل کرو کو سپن بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے جبکہ جسٹن لینگر ہیڈ کوچ اور بھرت ارون فاسٹ بولنگ کوچ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔