پاکستان نے دو فاسٹ بولرز کھلا کر غلطی کی تھی ہمیں تین اسپنرز کے ساتھ جانا چاہیے تھا،کامران اکمل

جمعرات 16 اکتوبر 2025 12:59

پاکستان نے دو فاسٹ بولرز کھلا کر غلطی کی تھی ہمیں تین اسپنرز کے ساتھ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) سابق کرکٹر کامران اکمل نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کی غلطی کی نشاندہی کردی۔ایک انٹرویو میں کامران اکمل نے کہا کہ نعمان علی نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن پاکستان نے دو فاسٹ بولرز کھلا کر غلطی کی تھی ہمیں تین اسپنرز کے ساتھ جانا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ نعمان علی عمر زیادہ ہونے کے باوجود تھکا نہیں اور شاندار بولنگ کی، شاہین کا کردار بھی اہم تھا چار وکٹیں حاصل کیں۔

کامران اکمل نے کہا کہ پہلی اننگز کی لیڈ کی وجہ سے ہم یہ میچ جیت گئے دوسری اننگز میں 167 رنز پر آؤٹ ہوئے۔سابق کرکٹر نے کہا کہ خواہش ہے کہ بیرون ملک دورے پر بھی ہمارے اسپنرز اسی طرح کی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور جیت میں اہم کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ساجد خان کے لیے بیماری سے آکر بولنگ کرنا اتنا آسان نہیں رہا ہوگا، لیکن اس ٹیسٹ میں انہوں نے سلپ لگا کر وکٹ حاصل کی، ان دونوں اسپنرز پر ہم انحصار کرتے ہیں۔کامران اکمل نے کہا کہ ہمیں ایک اسپنر اور شامل کرنا ہوگا اگر نعمان علی اچھی بولنگ نہ کرتے تو ہم پھنس جاتے۔واضح رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقا کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، نعمان علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔