کراچی، درجنوں افراد کی عدم بازیابی کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت ،پولیس حکام کو مزید اقدامات اٹھانے کی ہدایت

بدھ 23 مئی 2018 17:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) سندھ ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کارکن سمیت درجنوں افراد کی عدم بازیابی کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت پر پولیس حکام کو مزید اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کارروائی 20 جون تک ملتوی کردی۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیو ایم کارکن سمیت درجنوں افراد کی عدم بازیابی کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

۔دوران سماعت عدالت نے ایک بار پھر پولیس کی لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے جاری کارکردگی کو غیر اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا۔۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران عدالت کا لاپتہ شہری سرفراز کی عدم بازیابی پر پولیس افسر ڈی ایس پی وقار خان سے مکالمے میں کہنا تھا کہ ایک شخص 7 سال سے لاپتہ ہے مگر پولیس اور ہوم ڈیپارٹمنٹ انکی بازیابی کے لئے اقدامات نہیں اٹھا رہے ہیں۔

۔اسی طرح عدالت نے ایک اور لاپتہ شہری عبدالخالق کی بازیابی کے حوالے سے ڈی ایس پی حیدر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ لاپتہ شہری سلمان حیدر ایک سال سے لاپتہ ہے انکی بازیابی کے۔لئے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔۔عدالت نے لاپتہ شہریوں کی بازیابی یقینی بنانے اور پولیس حکام کو مزید اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کارروائی 20 جون تک ملتوی کردی۔