میٹرو ٹرین منصوبے سے وابستہ افسران ‘ اہلکاروں اور مزدوروں نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے،خواجہ احمد حسان

جمعرات 24 مئی 2018 17:59

لاہور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی سرپرستی کے نتیجے میں میٹرو ٹرین منصوبے سے وابستہ محکموں کے افسران ‘ اہلکاروں‘ کنٹریکٹرز اور مزدوروں نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے‘ مختلف قسم کے چیلنجز اور مشکلات کے با وجود انہوں نے مسلسل محنت ‘ جانفشانی اور مکمل ہم آہنگی کے سا تھ کام کیا ہے‘ ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کی بجائے قومی خدمت کے جذبے سے کام کیا ہے اور دوسرے محکموں سے بھر پور تعاون کیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان میں ماس ٹرانزٹ کا سب سے بڑا منصوبہ تکمیل کے قریب ہے، ان سب افراد کی کوششیں قابل ستائش اور ان کا مخلصانہ کردار ناقابل فراموش ہے، وہ گزشتہ روز سٹیئرنگ کمیٹی کے الوداعی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے،اس موقع پر ایم پی اے چوہدری شہباز‘ میئر لاہور مبشر جاوید‘ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے شکیل احمد‘چیف ٹریفک آفیسر رائے اعجاز احمد‘ایم ڈی نیسپاک ڈاکٹر طاہر محمود حیات‘سینئر جی ایم سوئی گیس سہیل گلزار‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ‘چیف انجینئر ٹیپا ایل ڈی اے مظہر حسین خان اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ ا نجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندے اور مقامی کنٹریکٹرز بھی موجود تھی-خواجہ احمد حسان نے منصوبے پر کام کرنے والے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ منصوبہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی پرعزم قیادت کا شاہکار اور لاہور کے شہریوں اور ان کی آئندہ نسلوں کیلئے ا یک عظیم الشان تحفہ ہے جو لاہور کی تعمیر و ترقی کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا، اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طورپرمنصوبے کا89فیصد تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے ، ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا94فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا 85فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا89فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 91فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ، اس کے علاوہ منصوبے کا72فیصد الیکٹریکل ومکینیکل ورکس بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

میٹرو ٹرین کے 26میں سی20سٹیشنوں کے درمیان پٹری بچھا دی گئی ہے ، باقی 6سٹیشنوں کے درمیان اگلے ماہ تک پٹری بچھاکر ایک سے دوسرے سر ے تک ٹرین کا راستہ مکمل کر لیا جائیگا، میٹرو ٹرین کے تمام 24بالائے زمین سٹیشنوں اور ایک زیر زمین سٹیشن کا گرے سٹرکچر مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ جی پی او سٹیشن کا گرے سٹرکچر تعمیر کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے ، 13.7کلو میٹر طویل پیکیج ون کے 10.9کلومیٹر طویل حصہ پر پٹری بچھا دی گئی ہے جبکہ 13.4کلومیٹر طویل پیکیج ٹو کے 9کلومیٹر حصے پر پٹری بچھا ئی گئی ہے ، اسی طرح مجموعی طور پر 27کلومیٹر میں سے 20کلو میٹر پٹری بچھا دی گئی ہے ، منصوبے کے تحت پیکیج ون کے سٹیشنوں پر نصب کئے جانے والے 77برقی زینوں میں سے 73برقی زینے نصب کئے جا چکے ہیں جبکہ پیکیج ٹو کے 80میں سے 65برقی زینے لگا دیئے گئے ہیں، پیکیج ون کے سٹیشنوں پر نصب کی جانے والی 48میں سے 46لفٹیں جبکہ پیکیج ٹو کے سٹیشنوں پر نصب کی جانے والی 52میں سے 44لفٹیں بھی نصب کر دی گئی ہیں۔