سابق وزیراعظم محمد نواز شریف آج بھی مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں ، عوامی جلسوں میں لاکھوں لوگ شریک ہو رہے ہیں،مائزہ حمید

اتوار 27 مئی 2018 01:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما و رکن قومی اسمبلی مائزہ حمید نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف آج بھی ملکی عوام کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں جن کے عوامی جلسوں میں لاکھوں لوگ شریک ہو رہے ہیں۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک عوامی نمائندے کی حیثیت سے محمد نواز شریف نے اپنی جماعت کی طاقت دکھانے کے لیے انتخابی مہم کا آغاز کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی اور موثر پالیسیوں کی بدولت آئندہ عام انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے رہنما محمد نواز شریف تین مرتبہ ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے اور پاک چین اقتصادی راہداری سمیت متعدد عوامی فلاحی منصوبے بھی شروع کیے جو ملک میں معاشی انقلاب لائیں گے۔ رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف نے تمام فیصلے ملکی معاشی استحکام، ترقی اور بہترین قومی مفاد میں کیے۔