Live Updates

ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے کا قصائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن

اتوار 27 مئی 2018 18:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے رمضان المبارک کے دوران ضلع بھر میں گوشت کی قیمتوں میں خودساختہ مہنگائی سے متعلق عوامی شکایات کانوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کی جانب سے تشکیل کردہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ سمیع اللہ کی سربراہی میں قائم ٹیم نے شہر اور مضافات میں قصائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا اور گرانفروشی پر 4قصائیوں کو گرفتار کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ ٹیم نے اتوار کے روزکیمپ نمبر۔2،چکن مارکیٹ اور کنگ گیٹ کے نزدیک اشیائے ضروریہ خصوصاً گو شت کی دستیابی اور مقرر ہ نرخ پر فراہمی کا جائزہ لیا۔اس دوران 4قصائیوں کو نرخنامہ نہ رکھنے اور اور مقررہ نرخ سے زائد پر گوشت فروخت کرنے پرموقع پر جرمانہ کرنے کی بجائے گرفتار کرلیاجنہیں کل عدالت میں پیش کردیاجائے گا۔

(جاری ہے)

عدالت میں ان سے مقررہ نرخ پر عوام کو صحت مند جانوروں کا گوشت مقررہ نرخ پر فراہم کرنے اور آئندہ گرانفروشی نہ کرنے کاباقاعدہ حلف لیا جائے گاآئندہ حلف کی پاسداری نہ کرنے کی صورت میں قصائیوں کے خلاف انتہائی اقدام کیا جائے گا۔

سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو روزمرہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کے لئے پرعزم اور اس کی پوری مشنری متحرک ہے ۔واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیادپر نجی و سرکاری منڈیوں میں پھلوں اور سبزیوں کا نرخ مقرر کرتی ہے اور عوام کو مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے بازاروں پر باقاعدگی سے چھاپے بھی مارتی ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات