پی ایس پی کا سمندر آنیوالے الیکشن میں کرپٹ حکمرانوں کو بہا کر لے جائے گا،عبدالستار جمالی و دیگر

اتوار 27 مئی 2018 21:20

گنداخہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان سرزمین پارٹی بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی آرگنائزر عبدالستار جمالی اور ضلع جعفرآباد کے آرگنائزر حاجی علی شیر جمالی نے کہا ہے کہ قائد مصطفی کمال کی قیادت میں پورے ملک میں پی ایس پی مقبول ہوتی جارہی ہے اور لوگ جوق در جوق پارٹی میں شمولیت کررہے ہیں موجودہ حکمر انوں نے ملک میں مہنگائی بیروزگاری کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا ہے ۔

گزشتہ روز پی ایس پی کی جانب سے گنداخہ پریس کلب میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف برادریوں جن میں قمبرانی،ٹھونڈوانی، صوبدرانی،لاشاری برادری کے درجنوں نوجوانوں نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کی اس موقع پر تحصیل گنداخہ کی کابینہ کا بھی اعلان کردیا گیا جس میں تحصیل صدر نور حسین جمالی نائب صدر نواب خان جمالی کو منتخب کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی ڈپٹی آرگنائزر عبدالستار جمالی،ضلعی آرگنائزر علی شیر جمالی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قطرہ قطرہ سمندر بنتا ہے اور یہ پی ایس پی کا سمندر آنے والے الیکشن میں کرپٹ سیاستدانوں حکمرانوں کو بہا کر لے جائے گا آنے والے الیکشن میں عوام کے ووٹ کی طاقت سے پاک سرزمین پارٹی پورے ملک سے کامیاب ہوگی عوام نے موجودہ حکمرانوں کو رد کردیا ہے کیونکہ حکمرانوں نے عوام کے مفاد میں کوئی کام نہیں کیا،تحصیل گنداخہ کو جان بوجھ کر پچاس سال پیچھے دھکیلا گیا ہے گنداخہ میں ترقی نام کی کوئی چیز نہیں ہے افسوس کی بات ہے کہ اتنی بڑی تحصیل بے یارومددگار ہے نہ پانی نہ بجلی نہ گیس اور نہ ہی کوئی بڑا ہسپتال ہے انشااللہ اب ہمارا حق کا قافلہ چل پڑا ہے اور انشااللہ بہت جلد تحصیل گنداخہ میں پی ایس پی مضبوط ہوجائے گی ہم نوجوانوں کے ساتھ مل کر تحصیل گنداخہ کے حقوق کے حصول کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ اس وقت نصیرآباد ڈویژن کے مختلف اضلاع میں پی ایس پی کی کابینہ بنادی گئی ہے جس میں ڈیرہ مراد جمالی صحبت پور و دیگر بلوچستان کے اضلاع شامل ہیں تقریب کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا مانگی گئی۔