رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطحی اجلاس، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران کی شرکت

پیر 28 مئی 2018 23:25

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) پاکستان رینجرز سندھ کے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال بالخصوص رمضان المبارک کے دوران نماز اور تراویح کے اوقات میں مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی اجتماعات، شاپنگ سینٹرز اور رمضان بچت بازاروں کے لئے کئے گئے خصوصی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر رمضان المبارک کے دوران اسٹریٹ کرائم کی روک تھام اور 21 رمضان المبارک کو یوم علیؓ کے حوالے سے مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کے لئے رینجرز اور پولیس کا مشترکہ پلان بھی ترتیب دیا گیا۔ اجلاس کے دوران قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور روابط کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا تاکہ دہشت گردی کے کسی بھی ممکنہ خطرے سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔