مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں سینکڑوں ترقیاتی منصوبے کامیابی سے مکمل کئے ،

25 جولائی کو عوام ہماری کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے 0 کلومیٹر کی 6 رویہ بین الاقوامی معیار کی سڑکیںگوادر کو خنجراب اور پشاور کو کراچی سے منسلک کریں گی وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی کا 120کلومیٹر طویل حویلیاں۔تھاکوٹ موٹر وے کے افتتاح کے موقع پر خطاب

منگل 29 مئی 2018 13:18

مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں سینکڑوں ترقیاتی منصوبے کامیابی سے مکمل کئے ..
حویلیاں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں سینکڑوں ترقیاتی منصوبے کامیابی سے مکمل کئے جو ملکی تاریخ میں بے مثال کارنامہ ہے، مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، 25جولائی کو عوام سوچ سمجھ کر اور اپنے ضمیر کے مطابق ہماری کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے یہ بات منگل کو 120کلومیٹر طویل حویلیاں۔تھاکوٹ موٹر وے کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جو پاک چین اقتصادی راہداری کا اہم حصہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ محمد نواز شریف کے وژن کی پیروی کرتے ہوئے پارٹی نے اپنے تمام وعدوں کو پورا کیا ہے۔ ہم ملک کی ترقی اور خوشحالی پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) اپنے پانچ سالہ دور میں پر عزم انداز میں عوام کی خدمت کی اور ملک کے کم ترقی یافتہ اور دور افتادہ علاقوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے حقیقی تبدیلی لانے کے لئے محنت اور لگن سے کام کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) دھرنوں اور غیر شائستہ زبان استعمال کرنے کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، اس نے ہمیشہ شائستگی اور احترام کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ پاکستانی عوام مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ترقیاتی کاموں کے شاہد ہیںاور 25 جولائی کو عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے ، عوام جو فیصلہ کرتے ہیں وہی قابل قبول ہوتا ہے، ہم نے آئندہ پانچ سال اسی پر گزارنے ہیں اور ہماری سب سے زیادہ کوشش یہ رہی کہ حکومت اپنی مدت پوری کری 31 مئی کو یہ مدت پوری ہورہی ہے اس کے بعد ہماری یہ کوشش تھی کہ بہترین نگران وزیر اعظم دیا جائے اس کااعلان بھی کردیا گیا ہے، اب 25 جولائی کو انتخابات ہوں گے اور فیصلہ عوام نے کرنا ہے، یہی جمہوریت ہے، یہ وہ طریقہ ہے جس سے پاکستان ترقی کر ے گا۔

امید کرتا ہوں کہ عوام اپنے ضمیر کے مطابق سیاست کو دیکھ بھال کر بہتر فیصلہ کریں گے۔ وزاعظم نے کہاکہ یہ منصوبہ علاقے کو موٹر وے نیٹ ورک کے ساتھ منسلک کرے گا۔ عوامی خوشحالی لے کر آئے گا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے 142ارب روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ مکمل کیا، اس قسم کا بڑا منصوبہ مکمل کرنا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بعض تکنیکی مشکلات کے باعث مانسہرہ تک کے حصے کی تکمیل کا کام نومبر تک تاخیر کا باعث بنا تاہم امید ہے کہ آئندہ ڈیڈ لائن تک یہ مکمل ہو جائے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اس سے پہلے اپنے گزشتہ دور میں 550 کلومیٹر کی موٹر ویز مکمل کیں اور اب 1700کلومیٹر کی 6 رویہ بین الاقوامی معیار کی سڑکوں پر کام کررہی ہے جو گوادر کو خنجراب اور پشاور کو کراچی سے منسلک کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ اس سے مسافت میں نمایاں کمی آئے گی اور ملک کے پسماندہ علاقوں میں خوشحالی کے نئے دور کاآغاز ہو گا۔

وزیر اعظم نے کہاکہ شاہرات کے علاوہ حکومت نے 5 سالہ مدت میں بجلی، قدرتی گیس، یونیورسٹیوں ، بنیادی ڈھانچے کے کئی منصوبے مکمل کئے اور اگر عوام نے پھر ووٹ دیا تو پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں شامل کرنے کے لئے اپنے منشور کو آگے لے کر بڑھیں گے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیاکہ گزشتہ حکومتیں عوام کی خدمت کے اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہیں اور ملک کو پیچھے دھکیل دیا۔

قبل ازیں وزیر اعظم نے منصوبے کے افتتاح کے لئے تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا مانگی۔ وزیرا عظم کو بتایاگیا کہ حویلیاں سے شروع ہونے والا منصوبہ ایبٹ آباد، مانسہرہ ، شنکیاری سے گزرتے ہوئے خیبر پختونخوامیں تھاکوٹ میں اختتام پذیر ہو گا۔ منصوبے کو 3 پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں حویلیاں۔ایبٹ آباد، ایبٹ آباد۔مانسہرہ اور مانسہرہ۔

تھاکوٹ شامل ہیں۔ حویلیاں۔تھاکوٹ سیکشن پرکام 2017ء میں شروع ہوا تھا اور فروری 2020ء میں مکمل ہو گا۔335 کلومیٹر طویل خنجراب۔رائے کوٹ پر کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ 144کلومیٹر طویل رائے کوٹ۔ تھاکوٹ سیکشن پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ہکلہ (ایم ون) سے شاہ مقصود انٹرچینج تک ہزارہ موٹر وے پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے۔ انہیں بتایاگیا کہ خنجراب سے ایم ون کے لنک کو بتدریج مکمل کیا جارہا ہے۔

منصوبے کی تکمیل سے زرعی اور صنعتی ترقی کی نئی راہیں کشادہ ہوں گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس موقع پرگورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی، وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، صوبائی رکن قومی اسمبلی آمنہ سردار، چیئرمین این ایچ اے بھی موجود تھے۔